لاہور ،کراچی:(کامرس رپورٹر،بیورورپورٹ)کاروباری برادری نے کہا ہے جی ایس پی پلس سٹیٹس معاشی شہ رگ ہے،پروپیگنڈا کرنےوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس (یو بی جی) ایس ایم تنویر نے کہا پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس برقرار رہنا چاہیے، کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا،مشکلات کا سامنا ، معاشی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں، تجارت کےلئے فری ٹریڈ معاہدے ہونے چاہئیں، جی ایس پی پلس سٹیٹس معاشی شہ رگ ہے،حکومت و متعلقہ ادارے صورتحال کی بہتری کےلئے اقدامات کر رہے ہیں، مزید آزاد تجارتی معاہدوں کی بھی ضرورت ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے۔
چیئرمین اپٹما کامران ارشد نے کہا جی ایس پی پلس پاکستان کیلئے اہم ہے، 2013 تک پاکستان کی ایکسپورٹ 2 بلین ڈالر سے نیچے تھی اب 9.5 بلین ڈالرپر پہنچ چکی ،حکومت کو چاہیے جی ایس پی پلس کی حفاظت کرے، ملکی سالمیت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
دریں اثنا پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض ودیگر عہدیداروں نے کہا پاکستان کےلئے جی ایس پی پلس سٹیٹس بہت اہمیت رکھتا ،یورپی ممالک کو برآمدات 3.5 ارب ڈالر سے بڑھ کر 8 ارب ڈالر ہوگئیں،جی ایس پی پلس ملکی ایکسپورٹ و معیشت کی لائف لائن ،آئی ایم ایف کے قرضے سے باہر آنے کےلئے ایکسپورٹ آخری حل ، پاکستان معاشی طور پر مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے۔
ثاقب فیاض نے کہا بھارت یورپی یونین میں تجارتی سازش میں مصروف ہے، پاکستان کے پاس جی ایس پی پلس سٹیٹس نہ رہنے سے ملکی برآمدات کا حجم زمین بوس ہو جائے گا،ٹیکسٹائل کا شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معرکہ حق جیتا اب معرکہ معیشت بھی جیتنا ہے، بزنس کمیونٹی حکومت کےساتھ ملکر کامیابی حاصل کرے گی۔
پروپیگنڈا مسترد، جی ایس پی پلس معیشت کی لائف لائن ہے:بزنس کمیونٹی


















