مغربی کنارے سزائے موت کی بحالی کاقانون خطرناک،دنیا اسرائیل کااحتساب کرے،مسلم ممالک


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان سمیت 8مسلم ممالک نے مغربی کنارے میں سزائے موت کی بحالی اور فلسطینیوں کیخلاف استعمال کیلئے اسرائیلی پارلیمنٹ کے قانون کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

مشترکہ بیان میں پاکستان ، ترکیہ ، مصر، انڈونیشیا ، اردن ، قطر ، سعودی عرب ، یواے ای کے وزرائے خارجہ نے کہا اسرائیلی قانون امتیازی سلوک پر مبنی ،فلسطینی قیدیوں کیخلاف اطلاق انتہائی خطرناک پیشرفت ،اقدامات نسلی امتیاز پر مبنی نظام کو مضبوط کر رہے ہیں،طرزعمل فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق ،وجود سے انکار کے مترادف ہے۔

مسلم وزرائے خارجہ نے اسرائیلی حراست میں موجود فلسطینی قیدیوں کی حالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا فلسطینی قیدیوں کو تشدد ، غیرانسانی سلوک ، بھوک و بنیادی حقوق سے محرومی کا سامنا، اسرائیل کا سلوک انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، اقدامات خطے میں کشیدگی کو بڑھاوا دینے کےساتھ علاقائی استحکام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، عالمی برادری صورتحال کا نوٹس لیکرذمہ داروں کا احتساب یقینی بنائے اور امن کیلئے موثراقدامات کرے۔