مسیحی برادری ایسٹر مذہبی جوش و خروش سے منائے گی ،سکیورٹی انتظامات مکمل

لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری اتوار 5اپریل کو ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منائے گی ۔ اس موقع پر ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جائیگا جن میں مسیحی برادری کے افراد بڑی تعداد میں شرکت کریں گے ،لاہور سمیت ملک بھر کے گر جا گھروں کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایسٹر مسیحیوں کا سب سے بڑا مذہبی تہوار ہے جو حضرت عیسیٰ کے دوبارہ جی اٹھنے کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔ یہ تہوار چالیس روزہ روزوں کے اختتام پر آتا ہے، جنہیں روحانی تزکیہ اور عبادت کا خاص دور سمجھا جاتا ہے۔ ایسٹر کو عید پاشکا یا عید قیامت المسیح بھی کہا جاتا ہے۔اس دن کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا انعقاد کیا جائیگا، جہاں ملکی سلامتی، امن اور خوشحالی کیلئے بھی دعائیں کی جا ئیں گی ۔ عبادات کے دوران محبت، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام بھی اجاگر کیا جا ئیگا ۔سکیورٹی کے حوالے سے لاہور سمیت بڑے شہروں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔