تہران (مشرق نیوز) ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کی 97ویں لہر کے دوران خلیج فارس اور ملحقہ علاقوں میں متعدد امریکی و اسرائیلی اہداف کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ اسرائیلی امریکی حملوں میں آج 10 بچوں سمیت 34 ایرانی شہید ہو گئے۔
پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت کی گئی اس کارروائی کو ایرانی وزارتِ توانائی کے ملازمین کے نام کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق کویت میں محمد الاحمد بحری اڈے کے قریب ایک مقام پر موجود امریکی کمانڈرز اور افسران کے اجتماع کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد علاقے میں ایمبولینسز کی بڑی تعداد میں آمد و رفت بھاری جانی نقصان کی نشاندہی کرتی ہے۔
پاسداران انقلاب کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جبل علی بندرگاہ کے چینل میں موجود کنگ ڈاو¿ سٹار نامی ایک اسرائیلی جہاز کو قدر نیول کروز میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی، متحدہ امارات میں 25 امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے تحت گزشتہ روز سے اب تک کئی جہازوں کو بغیر اجازت آمد و رفت سے روکا گیا اور انہیں آبنائے ہرمز کے مشرقی اور مغربی اینکریج کی جانب منتقل کیا گیا، جبکہ اسرائیلی شہر بئر السبع میں بھی صہیونی فوج سے منسلک صنعتی علاقے کو ایرو سپیس فورس نے نشانہ بنایا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کے تہران پر حملے میں 10 بچے شہید ہو گئے، مختلف شہروں پر امریکی اسرائیلی حملوں میں شہادتوں کی تعداد 34 ہو گئی، ایران پر حملوں میں اب تک 2 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔ امریکہ، اسرائیل نے تہران یونیورسٹی کو نشانہ بنایا، حملوں میں تہران یونیورسٹی کی مسجد اور گیس سٹیشن کو نقصان پہنچا، جنگ کے آغاز سے امریکہ اور اسرائیل درجنوں مساجد، سکولوں اور یونیورسٹیوں کو نشانہ بنا چکے ہیں۔
امریکہ، اسرائیل کی ایرانی دارالحکومت تہران کے مشرقی علاقے میں اندھادھند بمباری سے 3 رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، 50 عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حیفہ پر ایرانی میزائل حملوں سے شدید تباہی ہوئی، عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، ایرانی حملے میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے 4 افراد دب گئے، حیفہ میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے 2 لاشیں برآمد ہوئیں۔
امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے صوبہ بوشہر میں ایک اور حملہ کیا گیا ہے جہاں ایک بڑا جوہری بجلی گھر بھی واقع ہے، اس علاقے میں مسلسل حملوں کے باعث نہ صرف مقامی بلکہ علاقائی سطح پر بھی شدید تشویش پائی جا رہی ہے کہ کہیں چرنوبل پلانٹ جیسا کوئی بڑا سانحہ جنم نہ لے۔
ایران کے شہر اہواز میں بھی متعدد حملے کیے گئے ہیں جن میں وہاں کے ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا، اس کے علاوہ مشرقی تہران کے قریب بھی حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل اور جنوبی لبنان کی سرحد کے ساتھ اسرائیلی افواج اور تنصیبات پر متعدد حملے کئے ہیں۔ تنظیم کے بیان کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے شاما کے قریب اسرائیلی فوج کو نشانہ بنانے کیلئے دھماکہ خیز آلات نصب کئے گئے جبکہ بعد میں موقع پر پہنچنے والی امدادی ٹیم پر بھی حملہ کیا گیا۔
اسرائیلی جارحیت،34 ایرانی شہید، جوابی حملے میں 25 امریکی فوجی ہلاک


















