ایران کو گڑگڑانا پڑا، بھیک مانگی توصدر ٹرمپ نے بھی رحم کیا،امریکی وزیر جنگ

واشنگٹن،تہران: (بیورورپورٹ،مشرق نیوز) امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے ایپک فیوری تاریخی وکامیاب آپریشن ،ایران کو جنگ بندی کےلئے گڑگڑانا پڑا، بھیک مانگی توصدر ٹرمپ نے بھی رحم کیا۔

پیٹ ہیگستھ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا امریکہ نے ایران کے دفاعی نظام، فضائیہ اور میزائل سسٹمز کو عملی طور پر تباہ کر دیا ،48 گھنٹوں میں جرات مندانہ آپریشن کے دوران اپنے 2 پائلٹس کو ایران سے بحفاظت نکالا، تہران کی اعلیٰ قیادت کو ہلاک ،دفاعی فیکٹریاں زمین بوس کر دیں،ایران کیلئے صرف ایک دن 40 دنوں میں خوش قسمت رہا ،امریکی طیارہ مار گرایا گیا،منگل کی رات ایران پر 800 ہدف شدہ حملے کیے، دفاعی صنعتی تنصیبات ،اسلحہ ساز فیکٹریاں تباہ کیں، سینکڑوں میزائل ہدف پر پہنچنے سے قبل ناکارہ بنائے،آپریشن میں 13 بہادر امریکی جوان ہلاک ہوئے تاہم مجموعی طور پر آپریشن امریکہ کےلئے تاریخی کامیابی اور خطے میں حقیقی امن کی راہ ہموار کرنے والا ثابت ہوا۔

وزیر جنگ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا امریکی افواج کی کامیابی کو کسی اور صدر کے دور میں حاصل نہیں کیا جا سکتا اب خطے میں حقیقی امن قائم کرنے کی ضرورت ہے،ایران میں آپریشن کے دوران 13ہزار اہداف کو نشانہ بنایا،افواج کا میدان میں کام ختم ہوچکا مگر پس پشت ہروقت تیار ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بہتر ڈیل کوئی نہیں کرسکتا،ایران میں فوجی اہداف حاصل کرلیے اب حقیقی امن کا ایک موقع ،دوبارہ جنگ کیلئے بھی تیار ہیں۔

پیٹ ہیگستھ نے کہا سعودی عرب، بحرین، یو اے ای اور قطر نے ایران کی جانب سے حملوں پر اپنا دفاع کیا، امریکہ کا ساتھ دینے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، آبنائے ہرمز کھل گیا، تجارت شروع ،معاہدہ نہ ہوا تو امریکہ ایران کےخلاف دوبارہ حملے کرنے کےلئے تیار ہے۔

جنرل ڈین کین نے کہا 38 روزہ آپریشن میں امریکہ نے شاندار کامیابی سمیٹی ،قیادت کو مبارکباد کرتا ہوں،جنگ کے دوران 13 امریکی فوجیوں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو 90 فیصد تک تباہ کر دیا اور اب بڑا خطرہ نہیں رہا۔

دوسری جانب ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے اپنے بیان میں کہا دشمن کو مجرمانہ جنگ میں ناقابل تردید، تاریخی و عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا،امریکہ کو 10نکاتی منصوبہ قبول کرنے پر مجبور کردیا، تجاویز میں امریکہ کی جانب سے عدم جارحیت کی ضمانت ،افزودگی قبول ، تمام بنیادی و ثانوی پابندیاں ختم،ایران کو معاوضے کی ادائیگی ،خطے سے امریکی افواج کاانخلا ،لبنان کےخلاف تمام محاذوں پر جنگ روکناشامل ہے۔

بیان میں کہا گیا فتح پر ایرانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،اتحاد و یکجہتی برقرار رکھنے کی ضرورت ہے،انگلیاں ٹریگر پر ہیں، دشمن نے معمولی غلطی بھی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔