تعلیمی نصاب میں حب الوطنی اور معرکہ حق کے مضامین شامل کیے جائینگے،عظمیٰ بخاری


لاہور: (نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت انفارمیشن سٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس ،نیشنل ایکشن پلان کے تحت قومی یکجہتی کے فروغ اور امن و امان کے قیام کےلئے اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن طاہر رضا ہمدانی، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم ماہم آصف، ڈپٹی سیکرٹری فنانس شہزاد ہوتیانہ اور ڈائریکٹر لا شاہد امتیاز سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

فیصلہ کیا گیا نئی نسل میں جذبہ حب الوطنی پیدا کرنے کےلئے تعلیمی نصاب اور صبح کی دعا میں نیشنلزم (حب الوطنی)کو شامل کیا جائے گا، کمیٹی نے نصاب میں ”معرکہ حق“اور وطن پروری پر مبنی خصوصی مضامین شامل کرنے پر اتفاق کیا۔

عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی نجی تعلیمی اداروں میں بھی ”معرکہ حق“،قومی یکجہتی کے پروگراموں کو اسی جوش و جذبے سے نافذ کیا جائے جیسے سرکاری اداروں میں کیا جاتا ہے، شرکا نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے استدعا کی تعلیمی اداروں کے دوروں کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ طلبہ کی فکری رہنمائی ہو سکے،اجلاس میںقومی بیانیے کو مضبوط بنانے کےلئے فلم فنڈ کے تحت ”معرکہ حق“اور قومی یکجہتی پر مبنی فلمیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا، الحمرا آرٹس کونسل کے زیر اہتمام شہید لیاقت کی زندگی ،قربانیوں پر مبنی خصوصی ڈرامہ بھی پیش کیا جائے گا۔

محرم کی آمد کے پیش نظر وزیر اطلاعات نے نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کےخلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاانفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ،ہوم ڈیپارٹمنٹ ملکر ”خصوصی سیل“قائم کریں گے ،سیل سوشل میڈیا پر کڑی نظر رکھے گا،محرم کے دوران کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا نفرت انگیزی پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، سوشل میڈیا پر شر پسندی پھیلانے والے عناصر کیخلاف سخت کارروائی کرینگے۔