تھیٹر سے فحاشی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،عظمیٰ بخاری

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے تھیٹر سے فحاشی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،سماجی و مثبت موضوعات پر ڈرامے ناگزیر ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے تھیٹر انڈسٹری سے وابستہ شخصیات قیصر ثنا ،نسیم وکی سمیت دیگر سے ملاقات کی،سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر پکار اطہر مسعود اور اصغر ندیم سید بھی شریک تھے،نئے ڈرامہ ایکٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہاحکومت ایسا ایکٹ لانا چاہتی ہے جو تھیٹر انڈسٹری کی مشاورت سے تشکیل دیا جائے،تھیٹر میں فحاشی پھیلانے والوں کےخلاف سخت ایکشن کے بعد ڈراموں کے معیار میں واضح بہتری آئی تاہم بعض شکایات اب بھی موصول ہوتی ہیںجب تک تھیٹر سے فحاشی کا مکمل خاتمہ نہیں ہوگا، سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا گلی محلوں میں تھیٹرز قائم کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ،تھیٹر کے اوقات کار میں تبدیلی لانا ہوگی ایسا ماحول بنایا جائے گا جہاں فیملیز بلا خوف و ہچکچاہٹ ڈرامے دیکھنے آ سکیں،سماجی و مثبت موضوعات پر ڈرامے پیش کیے جائیں اور پڑھی لکھی یوتھ کو پلیٹ فارم پر آگے لایا جائے تاکہ مجموعی ماحول بہتر اور صحت مند تفریح کا ذریعہ بن سکے۔