کینسر کے علاج کیمو تھراپی کے مضر اثرات کم کرنے کے موثر طریقے

اسلام آباد (مشرق نیوز) کیمو تھراپی کینسر کے علاج کیلئے طاقتور ادویات پر مشتمل طریقہ علاج ہے، تاہم اسکے ساتھ متعدد مضر اثرات بھی سامنے آ سکتے ہیں جن میں متلی، بالوں کا جھڑنا، منہ کے چھالے، شدید تھکن اور قے وغیرہ شامل ہیں۔

کینسر کے ماہرین کے مطابق کیمو تھراپی موثر علاج ہے مگر اسکے مضر اثرات ضرور ہوتے ہیں، تاہم اب ان اثرات کو پہلے کی نسبت زیادہ کم کیا جا رہا ہے، تھراپی کے دوران اکثر ایسا ہوتا ہے کہ کینسر کے خلیات کیساتھ ساتھ جسم کے صحتمند خلیات بھی متاثر ہو جاتے ہیں۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق جسم کو پرانے یا خراب خلیات کی جگہ نئے خلیات بنانے کی ضرورت ہوتی ہے، بعض خلیات، جیسے آنتوں کی اندرونی تہہ کے خلیات یا بالوں کی نشوونما سے متعلق خلیات تیزی سے بڑھتے ہیں اور کیمو تھراپی کی ادویات ان کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔

مزید برآں کیمو تھراپی سفید خون کے خلیات کی تعداد میں نمایاں کمی کر دیتی ہے، جو جسم کے دفاعی نظام کا اہم حصہ ہوتے ہیں، جس کے باعث سوزش اور انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، بعض ادویات اعصابی کمزوری (نیوروپیتھی) کا سبب بھی بنتی ہیں، جس سے درد، سنسناہٹ، بے حسی اور توازن کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، تاہم ان اثرات سے بچاو کے موثر طریقے موجود ہیں، جو درج ذیل ہیں:

ماہرین صحت نے کیمو تھراپی سے ہونے والے اثرات کو کم کرنے کیلئے چند موثر حکمت عملیاں تجویز کی ہیں۔ ماہرین کے مطابق متلی اور قے کیلئے اینٹی نوزیا ادویات کا استعمال کیا جا سکتا ہے، متلی، تھکن اور منہ کے چھالوں کیلئے غذا میں تبدیلی کی جا سکتی ہے، تھکن پر قابو پانے کیلئے ہلکی جسمانی سر گرمی اور بہتر نیند کی عادات کو اپنانا چاہیے، کیمو تھراپی سے متعلق درد کم کرنے والی ادویات کا استعمال کیا جائے۔ ماہرین کے مطابق مریض کی علامات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر مناسب حکمت عملی تجویز کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب محققین ایسے طریقے بھی تلاش کرنے میں مصروف ہیں جو کیمو تھراپی سے جڑے مضر اثرات کو مزید کم کر سکیں تاہم علاج کیلئے ادرک جیسی جڑی بوٹیوں کے استعمال پر گفتگو کرتے ہوئے محقق کہتے ہیں کہ یہ قدیم طریقہ علاج اسلئے دلچسپی کا باعث ہیں کہ ان کے مضر اثرات نسبتاً کم ہوتے ہیں، مثال کے طور پر آکوپنکچر کے عام اثرات میں معمولی نیل پڑنا یا ہلکی خون ریزی شامل ہو سکتی ہے، جبکہ یوگا کے نتیجے میں جوڑوں یا پٹھوں میں درد محسوس ہو سکتا ہے۔