عوام تیل و گیس کے میزائلوں کی زد میں آ گئے ،اسیر قیادت پی ٹی آئی


لاہور:( وقائع نگار) 9مئی مقدمات میں قید پی ٹی آئی رہنماﺅں نے کہاہے سپرسونک میزائلوں سے محفوظ پاکستان کے عوام تیل اور گیس کے میزائلوں کی زد میں آ گئے ،خلیج کا تنازع جاری رہا تو 3برسوں میں عام پاکستانیوں کو سخت معاشی دبا ﺅمیں رکھ کر ،مشکل سے قائم ہونےوالامعاشی استحکام اگلے 3ہفتوں میں ختم ہو جائےگا، غیر یقینی صورتحال ، تیل و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے جھٹکے کے باعث پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ طے نہ پا سکا۔

پی ٹی آئی میڈیا سیل کے مطابق تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، اعجاز احمد چودھری، ڈاکٹر یاسمین راشد ، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ نے جیل سے لکھے گئے خط میں کہا موجودہ مالی سال کے بجٹ کی تشکیل کے وقت طے کیے گئے کارکردگی کے اہداف کو پورا کرنا تیزی سے مشکل ہوتا جا رہا ہے، برآمدات سست روی کا شکار ہیں، ریونیو کی وصولی بجٹ ہدف سے کہیں کم ہے،معاشی ڈھانچے میں اصلاحات کے فقدان ، معاشی حکمت عملی کے حوالے سے اندرونی ابہام نے نازک معاشی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، توانائی کی بلند قیمتوں، بڑھتے ہوئے فریٹ ، انشورنس اخراجات، سپلائی میں رکاوٹوں کے مشترکہ اثرات برآمدات کو مزید کم کر سکتے ہیں،پاکستان جتنا تیل استعمال کرتا مقابلے میں صرف10 میں سے ایک بیرل پیدا کرتا ہے۔