سپین میں غیرقانونی تارکین وطن کی رجسٹریشن سے 15 ہزار پاکستانی فائدہ اٹھائیں گے :محسن نقوی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستانیوں کیلئے سپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حصول کے حوالے سے پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز، ڈی جی ایف آئی اے۔ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ،ایم ڈی او پی ایف، نادرا اور پاسپورٹ کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔سپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد، قونصل جنرل بارسلونا محمد علی وزیر اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی بذریعہ زوم اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپین میں غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کیلئے رجسٹریشن کے آغاز سے قبل پاکستانیوں کو پاسپورٹ اور دیگر کاغذات ایک ہفتے میں جاری کئے جائیں گے۔وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے کہا کہ سپین کی اس سکیم سے دیگر ممالک کے علاوہ تقریباً 15 ہزار پاکستانی فائدہ اٹھائیں گے۔وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے سپین میں مقیم پاکستانیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کرنے پر وزارت داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کا جلد اجراءاوّلین ترجیح ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسی مجرم یا مطلوب ملزم کو ہر گز پاسپورٹ جاری نہ کیا جائے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے سفارتخانے کو پاسپورٹ سیکشن کیلئے اضافی عملہ فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق کو سہل اور تیز کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جا رہے ہیں۔سپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد اور قونصل جنرل بارسلونا نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام ادارے پاکستانیوں کو ضروری دستاویزات کی بروقت دستیابی کیلئے ملکر کام کر رہے ہیں۔کیریکٹر سرٹیفکیٹ اور پاسپورٹ کے اجرا میں نمایاں تیزی آئی ہے۔پاکستانی سفارتخانہ اور قونصل جنرل ابتک دس ہزار افراد کو اتھارٹی لیٹر جاری کر چکا ہے۔