وزیراعظم کا عوام کو پھر ریلیف، پٹرول95،ڈیزل203 روپے لٹر مہنگا کرنے کی سمری مسترد

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف کا عوام کو پھر ریلیف، پٹرول95، ڈیزل203روپے لٹر مہنگا کرنے کی سمری مسترد کردی۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا پٹرول 95 ،ڈیزل کی قیمت 203روپے لٹر بڑھانے کی تجویز دی گئی،آپ کی مشکلات کے پیش نظرسمری کو مسترد کردیا،56ارب کابوجھ حکومت خود اٹھائے گی،عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے کوشاں ہیں، پٹرول544،ڈیزل790روپے لٹر ہوناچاہیے مگر حکومت 322اور335روپے میں فراہم کررہی ہے،میرے لیے عوام کے معاشی تحفظ کے سوا کچھ نہیں، دنیا بھر میںپٹرول کی قیمتیں دو گنی ،حکومت نے مہنگائی کے طوفان کو عوام تک پہنچنے سے روک رکھا ہے۔

شہبازشریف نے کہا ایک طرف قومی مفادات کے تحفظ ، عوام کو عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں قیامت خیز اضافے سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں تو دوسری جانب سفارتی محاذ پر امن کے قیام کیلئے متحرک ہیں، پاکستان جنگ رکوانے کیلئے سفارتی سطح پر ثالثی کی کوششیں کر رہاہے تاکہ خطہ ، برادر اسلامی ممالک تباہ کن جنگ ومنفی اثرات سے نجات پائیں، اجتماعی مشاورت سے پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔

وزیراعظم نے کہا میں نے متعدد مرتبہ ایران و خلیجی ممالک کے سربراہوں کےساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار پوری محنت و خلوص کےساتھ کاوشوں میں مصروف عمل ، فیلڈ مارشل بھی مفاہمتی عمل کی کامیابی کیلئے فعال و کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، آپ سے درخواست ہے کاوشوں کی کامیابی کیلئے دعا کریں،سفارتی اقدامات محض بین الاقوامی کوشش نہیں بلکہ مذہبی فریضہ ہے۔

شہبازشریف نے کہا دنیا غیر معمولی و مشکل ترین صورتحال سے نبرد آزما،بڑی معیشتیں بے بسی کی خاموش تصویر ،وسائل کے انبار والے ترقیاتی یافتہ ممالک بھی شدید معاشی بحران کا سامنا کر رہے ہیں،تمام تر صورتحال میں اندازہ لگانا کوئی مشکل کام نہیں پاکستان پر معاشی بوجھ کے کیا اثرات مرتب ہوتے لیکن طوفان کا مقابلہ کرنے کیلئے پہلے سے ہی تیاری کاآغاز کیا، فوری فیصلے ہرگز آسان نہیں تھے ، ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ میں100 ارب کٹوتی ، سادگی و کفایت شعاری مہم سے ایک ایک پیسہ بچا کر اربوں روپے عام آدمی پر معاشی دباﺅکم کرنے کیلئے وقف کر دیئے تاکہ تاریخ کی مشکل گھڑی میں جہاں تک ممکن ہو سکے حکومت عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے ہر ممکن وسائل آپ کے قدموں میں نچھاور کرے۔

وزیراعظم نے کہا حقیقت اچھی طرح آشکار ہو چکی ہوگی آپ جب گاڑی یا موٹر سائیکل میں پٹرول ڈلواتے ہیں تو ہر ایک لٹر کے پیچھے حکومتی بچت کی پالیسی احساس ذمہ داری کی جھلک موجود ہوتی ہے،محدود وسائل کے باوجود مہنگائی کے طوفان کو روکا،حکومت معاشی بحران پر جامع منصوبہ بنارہی ہے ،عوام کو تعاون کرنا ہوگا،قوم کے ساتھ کی بدولت طوفان سے سرخرو ہو کر نکلیں گے،نازک وقت میں اتحاد، صبر اور یکجہتی کا مظاہرہ کیاجائے۔