سرمایہ کاری کیلئے بڑا اقدام،روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کا دائرہ کار وسیع

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کا دائرہ کار وسیع ،غیر ملکی شہریوں، کمپنیوں ،ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو روشن ڈیجیٹل و حکومتی سکیورٹیز سمیت نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کی اجازت دےدی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اقدام مالیاتی منڈیوں سے روابط بڑھانے ،ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کا مظہر ،تقریباً ایک کروڑ 10 لاکھ پاکستانیوں پر مشتمل بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی دنیا کی بڑی و متحرک کمیونٹیز میں شامل ہے، مشرق وسطیٰ، یورپ، شمالی امریکہ اور مشرق بعید میں مقیم پاکستانی میزبان معیشتوں میں کردار ادا کرتے ہوئے وطن میں اپنے خاندانوں و کمیونٹیز کی مدد کر رہے ہیں،سمندر پار پاکستانی نہ صرف ملکی معیشت کی مضبوطی کا ذریعہ بلکہ دنیا بھر میں ملکی ثقافت، کاروباری صلاحیت اور اقدار کے سفیر بھی ہیں۔

بیان میں کہا گیا سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2025 میں ترسیلات زر 38.3 ارب ڈالر سے بڑھ گئیں جو گزشتہ سال سے 26.6 فیصد زیادہ ہیں جبکہ مالی سال 2026 میں ترسیلات زر 42 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے،کارکردگی بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد اور ملکی معیشت کی بہتری میں مسلسل حمایت کی عکاسی کرتی ہے،پاکستان دنیا میں ترسیلات زر حاصل کرنے والے ممالک میں پانچویں ،جنوبی ایشیا میں دوسرے نمبر پر آ گیا ،ترسیلات زر بیرونی کھاتوں کے استحکام کےلئے سب سے اہم عنصر ہیں۔

وزیراعظم آفس نے کہا سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر تقریباً 16.3 ارب ڈالر ،مجموعی ذخائر 21.6 ارب ڈالر کے قریب ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاونٹ سکیم 10 ستمبر 2020ءکو متعارف کرائی گئی، ”دور رہ کر بھی پاس“کے نعرے کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو آسان ڈیجیٹل طریقے سے بینکاری ،سرمایہ کاری سے جوڑنا مقصد تھا،روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے ذریعے بیرون ملک پاکستانی بغیر پاکستان آئے اپنا بینک اکاو¿نٹ کھولنے کےساتھ حکومتی سکیورٹیز، نیا پاکستان سرٹیفکیٹس، پاکستان سٹاک ایکسچینج، میوچل فنڈز و دیگر ڈیجیٹل بینکاری سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیاساڑھے 5سال میں روشن ڈیجیٹل اکاونٹ نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ،فروری 2026 کے اختتام تک 9 لاکھ سے زائد اکاونٹس کھولے جا چکے ،مجموعی سرمایہ کاری 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ، سٹیٹ بینک اور پروگرام میں شامل بینکوں کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کا دائرہ کار غیر ملکی شہریوں، کمپنیوں و ادارہ جاتی سرمایہ کاروں تک بڑھانے سے پاکستان پرکشش سرمایہ کاری منزل کے طور پر مزید مضبوط ، مالیاتی منڈیوں میں وسعت آئے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا پاکستان سرمایہ کاری کےلئے تیار اور حکومتی اصلاحات، مضبوط ڈیجیٹل نظام و مالیاتی سہولیات میں توسیع کے ذریعے شفاف، محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے،دنیا بھر کے سرمایہ کارپاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کے معاشی مستقبل کا حصہ بنیں۔