امریکی وایرانی وفود کی ملاقاتیں،پائیدار امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امریکی وایرانی وفود کی ملاقاتیں،وزیراعظم نے عزم کا اعادہ کیا پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے ثالث کے طور پر مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ،خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ہمراہ تھے،نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ملاقات میں شریک رہے،خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا ۔

شہبازشریف نے ایران ،امریکہ کے وفود کی تعمیری و مثبت انداز میں مذاکرات میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا مذاکرات خطے میں پائیدار ،دیرپا امن کی جانب اہم پیشرفت ثابت ہوسکتے ہیں،امید ہے مذاکرات دونوں اطراف کے درمیان اعتماد ،تعاون کو مزید فروغ دیں گے،پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے کوششیں جاری رکھے گا،وائٹ ہائوس کی جانب سے بھی امریکی نائب صدرجے ڈی وینس کی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی تصدیق کی گئی۔

علاوہ ازیں سپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد وزیراعظم سے ملا،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے،اعلامیے کے مطابق ملاقات میں عالمی و علاقائی امن کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت کو سراہا اورعلاقائی،عالمی امن واستحکام کے مفاد میں بامقصد نتائج کیلئے پیشرفت تیز کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان خلوص نیت کیساتھ خطے میں امن و استحکام کیلئے ثالث کے طور پر مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔