اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات پر قابو پانے کیلئے رواں مالی سال بھی کفایت شعاری کے اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کفایت شعاری اقدامات میں توسیع کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے وزارت خزانہ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
فیصلے کے تحت گزشتہ تین سال سے خالی تمام آسامیوں کو ختم کر دیا جائیگا جبکہ نئی آسامیوں کی تخلیق پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ اسی طرح رواں مالی سال کے دوران ہر قسم کی سرکاری گاڑیوں کی خریداری کی اجازت نہیں ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشینری اور آلات کی خریداری پر عائد پابندی بھی برقرار رکھی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج اور غیر ضروری غیر ملکی دوروں پر پابندی بھی بدستور نافذ رہے گی۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے کفایت شعاری کے ان اقدامات سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کئے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی حکومت کا کفایت شعاری پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ


















