لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان کی ازدواجی زندگی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے، جہاں ان کی شوہر فیصل راو سے طلاق کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ حالیہ عرصے میں نادیہ کی جانب سے خاندانی زندگی سے متعلق کم پوسٹس شیئر کئے جانے پر بعض یوٹیوبرز نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ اور انکے شوہر فیصل راو کے درمیان علیحدگی ہو گئی ہے۔
یوٹیوبر مہرین سبطین سمیت بعض دیگر افراد نے بھی دونوں کی مبینہ طلاق سے متعلق دعوے کئے جس کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں تیز ہو گئیں۔ تاہم نادیہ خان نے ان خبروں پر براہ راست کوئی بیان جاری نہیں کیا مگر انہوں نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر شوہر فیصل راو کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی۔
نادیہ نے تصویر کے ساتھ طلاق کی خبروں کی واضح تردید نہیں کی تاہم شوہر کے ساتھ تصویر شیئر کئے جانے کو سوشل میڈیا صارفین ان افواہوں کے ممکنہ جواب کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ نادیہ خان گزشتہ کچھ عرصے سے فیملی وی لاگنگ سے بھی دور ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات، خصوصاً ’کیا ڈرامہ ہے‘ اور ’رائز اینڈ شائن‘ پر توجہ دے رہی ہیں۔
یاد رہے کہ نادیہ خان نے جنوری 2021 میں ریٹائرڈ پاک فضائیہ افسر فیصل راو سے دوسری شادی کی تھی۔ دونوں کی شادی شدہ زندگی بظاہر خوشگوار رہی ہے، تاہم نادیہ اپنی نجی زندگی کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتیں۔
نادیہ خان کی طلاق کی افواہیں، شوہر کیساتھ نئی تصویر سے صورتحال واضح



















