لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے 15 ویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانووکیشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول کریم سے ہوا۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر، رکن پنجاب اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری ضیاءاللہ شاہ، یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ اور فیکلٹی ممبران کے ہمراہ یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔پروفیسر محمد عمر نے صوبائی وزیر کو اس موقع پر بریفنگ دی۔وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی کارکردگی پر بریفنگ دی اور یونیورسٹی کی میڈیکل ایجوکیشن میں حاصل کردہ کامیابیوں سے آگاہ کیا۔مہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے فریش گریجویٹس میں میڈلز اور ڈگریز تقسیم کیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کانووکیشن کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج اس عظیم طبی درسگاہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے فریش گریجوایٹس اور ان کے والدین کو اس بہترین کامیابی پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کا شمار پاکستان کی بہترین طبی درسگاہوں میں ہوتا ہے، یہ یونیورسٹی طلباءوطالبات کو شاندار تعلیمی ماحول فراہم کرنے میں انفرادیت رکھتی ہے۔ آج فریش گریجوایٹس کی عظیم کامیابی کے ساتھ ساتھ اس یونیورسٹی سے سیکھی گئیں عظیم روایات اور خدمت خلق کیلئے جذبے کو بھی celerbrateکررہے ہیں۔آج کا دن ہر گریجوایٹ کی عملی زندگی کی شروعات کیلئے انتہائی اہم ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کیلئے شعبہ صحت میں بہتری اولین ترجیح ہے۔حکومت پنجاب نے شعبہ صحت میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام،کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ پروگرام، ڈائیلسز پروگرام،کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال جیسے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔ حکومت پنجاب لاہور میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ،لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور بہاول پور اور روالپنڈی میں نئے چلڈرن ہسپتال بھی بنارہی ہے۔ ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔نئے بنائے جانے والے ہسپتالوں میں میڈیکل افسران،ویمن میڈیکل افسران،فیلوز،کنسلٹنٹس، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی ہزاروں اسامیوں پر بھرتی بھی کی جارہی ہیں۔ عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ ہماری تمام تر کامیابیاں صرف اور صرف ہمارے والدین کی دعاوں کی وجہ سے ہیں، ہمارے فریش گریجوایٹس اس ادارے کے سفیر ہوں گے۔ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبے کی عوام کو بہترین طبّی سہولیات فراہم کرنے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔ تقریب کے اختتام میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے صوبائی وزیر و یونیورسٹی کے پرو چانسلر خواجہ سلمان رفیق کو شیلڈ پیش کی۔وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد عمر نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی آمد پر شکریہ اداکرتے ہیں،راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں طلباءو طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیاجاتاہے۔
نئے ہسپتالوں میں ہزاروں آسامیوں پر بھرتیاں کی جارہی ہیں: وزیر صحت



















