لیونل میسی نے شاندار کیریئر میں ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا

بیونس آئرس (مشرق نیوز) انٹر میامی کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی نے اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا۔ ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی کو کینیڈین جریدے لی ڑورنال ڈی کیوبیک کی جانب سے اکیسویں صدی کا بہترین ایتھلیٹ قرار دے دیا گیا ہے۔

اس حیران کن رینکنگ میں لیونل میسی نے ناصرف اپنے روایتی حریف کرسٹیانو رونالڈو کو پیچھے چھوڑ دیا بلکہ این ایف ایل لیجنڈ ٹام بریڈی سمیت کئی بڑے عالمی سپورٹس سٹارز کو بھی مات دیدی۔ یہ فہرست دنیا بھر کے مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے 25 بااثر ترین ایتھلیٹس پر مشتمل ہے جنہیں ان کی غیر معمولی کامیابیوں، اعزازات اور عالمی اثر و رسوخ کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے، این ایف ایل کے سات مرتبہ چیمپئن رہنے والے ٹام بریڈی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ 28 اولمپک میڈلز کے حامل تاریخ کے کامیاب ترین تیراک مائیکل فیلپس تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

فہرست میں ٹینس سٹار سرینا ولیمز، دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ اور باسکٹ بال سپر سٹار لیبرون جیمز جیسے نامور کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ حیران کن طور پر فٹ بال لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو اس فہرست میں دسویں نمبر پر رہے، جہاں وہ ٹینس کے نوواک جوکووچ، جمناسٹک آئیکون سمون بائلز اور باسکٹ بال لیجنڈ کوبی برائنٹ جیسے کھلاڑیوں سے پیچھے رہے۔