دہشتگردی کیخلاف حکومت،فوج ایک پیج پر ، ملکر کوششیں جاری رکھیں گے، سہیل آفریدی


پشاور: (بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے دہشتگردی کےخلاف جنگ سب کی مشترکہ ،سول حکومت، انتظامیہ ، پاک فوج و دیگر قانون نافذ کرنےوالے ادارے ایک پیج پر ہیں ، ملکر کوششیں جاری رکھیں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا،صوبائی وزرا ، کورکمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری ،آئی جی ،اعلیٰ سول، فوجی اور قانون نافذ کرنے والے حکام نے شرکت کی، اجلاس کے آغاز میں مختلف واقعات میں شہادت پانے والے عام شہریوں ، سکیورٹی فورسز،قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں کیلئے فاتحہ خوانی ، شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس نے فیصلہ کیا دہشتگردی کےخلاف جامع پالیسی کی کامیابی کےلئے تمام سیاسی جماعتوں ، عوامی نمائندوں ، معززین ،وفاقی حکومت کی مشترکہ مشاورت، باہمی تعاون ، عملی ہم آہنگی ضروری ہے۔

نشست میں مصمم ارادہ کیا گیا خیبر پختونخوا کی حکومت اپنے تمام تر وسائل بشمول فوج ، پولیس ، سی ٹی ڈی و دیگر اداروں کو استعمال کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،طویل میعادی حکمت عملی دہشتگردی کے تمام محرکات کی نشاندہی، خاتمہ اور نتیجے میں عوامی اعتماد کی بحالی کو یقینی بنائے گی تاکہ حکومت ،عوام یکجا ہوکر ملکی سلامتی ، ترقی کو یقینی بنائیں،پہلے مرحلے میں دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کو ماڈل گڈ گورننس اضلا ع میں تبدیل کیا جائیگا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا امن ترجیح ،سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سول حکومت، انتظامیہ ، پاک فوج و دیگر قانون نافذ کرنےوالے ادارے ایک پیج پر ہیں اور مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔