سولر صارفین کے کروڑوں یونٹس غائب ،بھاری بل مل گئے


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے سولر صارفین کے کروڑوں یونٹس غائب کردئیے،نیٹ میٹرنگ کنکشن کے حامل لاکھوں صارفین کے بنائے یونٹس کو بل کا حصہ نہیں بنایا،صارفین کے ایکسپورٹ کیے گئے یونٹس کی بجائے استعمال کیے گئے تمام یونٹس کا بل چارج کیا گیا،ایکسپورٹ یونٹس کو بجلی بلوں کا حصہ نہ بنانے سے موسم سرما میں سولر صارفین بھاری بل بھجوادئیے گئے۔

سردی میں بھاری بھرکم بلز آنے پر سولر صارفین کی چیخیں نکل گئیں، ڈسکوز نے نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی کو لائن لاسز چھپانے کیلئے استعمال کرنا شروع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق نیٹ میٹرنگ پالیسی تبدیل ہونے سے سولر صارفین کی مسلسل حوصلہ شکنی کی جارہی ہے، نئی پالیسی میں منظور شدہ سے اضافی بجلی پیداوار کو بل کا حصہ نہیں بنایا جائیگا،ذرائع کے مطابق ڈسکوز نے گزشتہ دو ماہ سے نیٹ میٹرنگ کنکشنز اور نئے معاہدے روک رکھے ہیں، ہزاروں صارفین کے معاہدے ہونے اور ڈیمانڈ نوٹسز ادا کرنے کے باوجود انہیں میٹرز نہیں دیئے جارہے، رواں ماہ سولر صارفین کے ایکسپورٹ یونٹس بل میں شامل ہی نہیں کئے گئے۔