لاہور (اپنے نمائندے سے) پاکستان ریلوے ایمپلائز پریم یونین (سی بی اے، اوپن لائن) کے اعلیٰ سطحی وفد نے صدر شیخ انور کی قیادت میں ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی۔ وفد نے ریلوے ملازمین کو درپیش مختلف انتظامی، مالی اور فلاحی مسائل سے وزیر ریلوے کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وفد کی جانب سے پیش کئے گئے نکات پر وفاقی وزیر ریلوے نے نہایت مثبت ردعمل دیتے ہوئے ریلوے ملازمین کے جائز مسائل مرحلہ وار حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ صدر پریم یونین شیخ انور نے وزیر ریلوے کو ملازمین کے 15 نکاتی تحریری مطالبات پیش کئے جس پر وفاقی وزیر ریلوے نے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علی بلوچ کو موقع پر ہی ہدایت کی کہ ان مطالبات کے حل کیلئے فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے اس موقع پر کہا کہ ان کی بھرپور کوشش ہے کہ دیگر وفاقی اداروں کی طرح ریلوے ملازمین کی پنشن کی ذمہ داری بھی وفاقی حکومت اپنے ذمے لے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے ریلوے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے پریم یونین کے مطالبے پر ٹرین آپریشن سٹاف اور ٹیکنیکل سٹاف کی فوری بھرتیوں کی منظوری دی۔ انہوں نے محکمہ میں دو عملی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے وزارت ریلوے اور پاکستان ریلوے کیلئے یکساں ورکنگ ڈیز کا شیڈول طے کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ وزیر ریلوے نے لاہور اور راولپنڈی کے درمیان ریل کاروں میں ملازمین کے پاسز پر ایڈوانس بکنگ کے دوران کھانے کی مد میں کی جانے والی لازمی کٹوتی ختم کرنے، مستقل اور ٹی ایل اے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، اور آر ٹی ایل، کیرج اور شیڈ سٹاف کی بہتر اکاموڈیشن کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کو آئی بی کلیئرنس کی شرط سے مستثنیٰ کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اسی طرح 17 ہزار آسامیاں ختم کئے جانے کے نتیجے میں ر±کی ہوئی ترقیوں کے مسئلے کے حل کیلئے بھی جلد لائحہ عمل تیار کیا جائیگا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے یقین دہانی کروائی کہ ٹی اے کی ادائیگی سے متعلق وزارت اور اوپن لائن میں دوہرا معیار ختم کیا جائیگا اور اوپن لائن ملازمین کو درپیش اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔ مزید برآں وزیر ریلوے نے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو طبی سہولیات کی فراہمی، ریلوے ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی، ریٹائرڈ ملازمین کے علاج کیلئے ری ایمبرسمنٹ پالیسی کی بحالی، جی پی فنڈ اور میرج گرانٹ کی بروقت ادائیگی، ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی فوری ادائیگی، منافع بخش ٹرینوں کی آو¿ٹ سورسنگ سے اجتناب، ٹی ایل اے اور انویلڈ ملازمین کے بچوں کی مستقلی، ٹیلی کام ڈیپارٹمنٹ کی علیحدہ حیثیت کی بحالی، اور تمام ٹیکنیکل کیٹیگریز کو 2022ءکے پے سکیلز کے مطابق ٹیکنیکل الاو¿نس دینے کے مطالبات پر بھی مثبت پیشرفت کی یقین دہانی کروائی۔ ملاقات میں پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علی بلوچ، ڈی آئی جی ریلوے پولیس چوہدری عبدالرب، پریم یونین کے مرکزی سینئر نائب صدر عبدالقیوم اعوان، چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری اور ڈپٹی جوائنٹ آرگنائزر جنید خرم بھی موجود تھے۔
کوشش ہے وفاق ریلوے ملازمین کی پنشن کی ذمہ داری قبول کرلے :حنیف عباسی



















