پاکستان کا فاتحانہ آغاز، فہیم کی دھواں دھار بیٹنگ،نیدر لینڈ سے فتح چھین لی

کولمبو (مشرق نیوز) آئی سی سیT20 ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے فہیم اشرف کی دھواں دھار بیٹنگ کے باعث سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی،کولمبو میں کھیلے جا رہے میچ میں نیدر لینڈ کی جانب سے دئیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 27 رنز پر صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا،پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا بھی 53 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے، صاحبزادہ فرحان 46 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہوگئے، دونوں کو پال وین میکرین نے ایک ہی اوور میں آوٹ کیا،اگلے ہی اوور میں وین ڈر مرفی نے بابر اعظم کو کیچ آوٹ کر لیا،ایم نواز 13 گیندوں پر 6 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ شاداب خان 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،7 وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو ورلڈکپ میں پہلی فتح سے ہمکنار کرایا،نیدرلینڈ کی جانب سے مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا، پہلے آوٹ ہونے والے کھلاڑی میکس اوڈووڈ تھے جو 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آوٹ ہوئے،نیدر لینڈ کے دوسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی لیوٹ تھے جو محمد نواز کی گیند پر آوٹ ہوئے، مائیکل لیوٹ نے 24 رنز اسکور کیے۔ تیسرے آوٹ ہونے والے ڈچ کھلاڑی ایکرمین تھے جو 20 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ باس ڈی لیڈ 30 رنز بنا کر محمد نواز کا دوسرا شکار بنے،پاکستان کی جانب سے پانچویں وکٹ ابرار نے حاصل کی جبکہ نیدرلینڈ کے چھٹے اور ساتویں کھلاڑی کو صائم ایوب نے آوٹ کیا، وین ڈر مرفی نیدر لینڈ کے آٹھویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہیں شاہین آفریدی نے سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا،آخری اوور میں سلمان مرزا نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور اس طرح پوری ڈچ ٹیم 147 رنز پر آوٹ ہو گئی،ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھانیدر لینڈ کی ٹیم 160 کے 170 کے درمیان اسکور کر لے گی لیکن پاکستانی بولرز نے میچ میں شاندار کم بیک کیا اور آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض حاصل کیں،پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ صائم ایوب، ابرار احمد اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی،نیدرلینڈز کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ باس ڈی لیڈ 30 ، مائیکل لیوٹ 24 اور کولن ایکرمین 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔