وزیراعظم کی مختلف ممالک کے صدور سے ملاقاتیں، غزہ پر تفصیلی گفتگو

واشنگٹن (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے واشنگٹن میں منعقدہ بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کیلئے آئے عالمی رہنماوں سے غیر رسمی و خوشگوار ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم کی بحرین کے فرمانروا شاہ حماد بن عیسی الخلیفہ، آذربائیجان کے صدر الہام علی اوف، ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف، قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیراعظم کی جانب سے عالمی رہنماوں کے ساتھ ملاقاتوں میں اہم عالمی و علاقائی امور پر گفتگو ہوئی، ملاقاتوں میں مسکراہٹوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کی دعوت پر بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کیلئے موجود ہیں۔ پاکستان کی بورڈ آف پیس میں شمولیت غزہ میں امن کے قیام، تعمیر نو، عالمی امن کیلئے پاکستان کی کوششوں اور سفارتی پالیسی کی بڑھتی ہوئی کامیابیوں کی عکاسی ہے۔

قبل ازیں غزہ بورڈ آف پیس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے تنازعات کے حل کیلئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بروقت مداخلت سے پاک،بھارت جنگ رکی، ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ بند کرا کے ہزاروں قیمتی جانیں بچائیں، امریکی صدر نے حقیقت میں جنوبی ایشیا کو بڑی تباہی سے بچایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین کا مکمل حق ہونا چاہئے، آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام پائیدار امن کے قیام کیلئے ناگزیر ہے، مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے آج کا دن تاریخ کا سنہری باب ہے، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو ان کا حق دیا جائے۔ وزیراعظم پاکستان نے زور دیا کہ دیرپا امن کے لئے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں ختم ہونی چاہئیں۔