شوبز انڈسٹری میں بھی لابی سسٹم موجود ہے: شیزا ہاشمی

لاہور (مشرق نیوز) ابھرتی ہوئی پاکستانی اداکارہ شیزا ہاشمی نے انڈسٹری میں کام کے دوران پیش آنے والی مشکلات میڈیا کو بتا دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑے بڑے پروڈیوسرز و پروڈکشن ہاوسز اپنے دفتر بلاتے اور کام دینے کے بجائے وقت ضائع کرتے ہیں۔

حال ہی میں شیزا ہاشمی نے نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مین سٹریم ٹیلی وژن انڈسٹری میں کام حاصل کرنے کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر کھل کر بات کی اور بڑے بڑے پروڈیوسرز اور پروڈکشن ہاوسز کے پیچھے چھپے حقائق سے پردہ اٹھایا۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیزا ہاشمی نے کہا کہ انڈسٹری میں لابی سسٹم موجود ہے، میں مختلف پروڈکشن ہاوسز گئی، جہاں مجھے گھنٹوں انتظار کروایا گیا اور پھر بغیر کوئی کام دئیے واپس بھیج دیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب آپ ان سے کام کیلئے رابطہ کریں تو آپ کو تیسرے درجے کے لوگوں کے نمبر تھما دیے جاتے ہیں، یہ لوگ صرف انتہائی امیر اور بااثر پسِ منظر رکھنے والوں کو ہی اہمیت دیتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں آپ چند خاندانوں کو دیکھیں گے لیکن ہمیں نہیں، میں ایک اچھی آرٹسٹ ہوں، اسی لئے میں نے معتبر ملٹی نیشنل برانڈز کے ساتھ ٹی وی کمرشلز کئے ہیں، مگر یہ لوگ آپ کو ڈنرز یا لانچز تو آفر کرتے ہیں، کام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ خوف کی وجہ سے اندر کی باتیں سامنے نہیں لاتے لیکن مجھے کسی کا خوف نہیں ہے۔