تہران،پیرس،واشنگٹن:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)امن پر مہر ثبت،امریکی وایرانی صدور کے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ،معاہدہ نافذ،وزیراعظم شہبازشریف نے بطور ثالث توثیق کردی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس کے وارسائی محل میں صدرمیکرون کی موجودگی ،مسعود پزشکیان نے تہران میں دستاویزات پر دستخط کیے، ویڈیوز، تصاویر سامنے آگئیں، یادداشت کے تحت دونوں ممالک 60 روز کے دوران ثالث ممالک کی موجودگی میں مذاکرات کریں گے تاکہ جامع و حتمی معاہدے کوحتمی شکل دی جا سکے،بات چیت میںایرانی جوہری پروگرام،اقتصادی پابندیوں،تیل کی برآمدات اورعلاقائی سلامتی کے امور سرفہرست ہوں گے۔
دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران ،امریکہ کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر بطور ثالث دستخط کرتے ہوئے کہاایم او یو فوری طور پر نافذ ،امریکہ ناکہ بندی ختم،ایران آبنائے ہرمز دوبارہ کھولے گا،بطور ثالث میں نے بھی معاہدے کی توثیق کردی اب تکنیکی سطح کے مذاکرات کا آغاز ہوگا،ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،اسلام آباد معاہدہ خطے میں مشترکہ خوشحالی کی بنیاد بنے گا۔
شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹوئٹ میں مبارکباد دیتے ہوئے کہا امریکی صدر ٹرمپ کی سفارتکاری نے ممکنہ بڑے تصادم کو روکا، امریکی مذاکراتی ٹیم کی خدمات کوبھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت ،بے لوث خدمات اور فیصلہ کن کردار سے تاریخی پیشرفت ہوئی،ادھر سوئس وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا موجودہ منصوبے کے مطابق اعلیٰ حکام کی ملاقات برگن سٹاک میں ہوگی،تاریخی تقریب میں اہم رہنما بھی شرکت کریں گے
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے ایران کیخلاف مجھے سخت نہ سمجھنے والے حاسد یا بیوقوف ہیں،امریکی سٹاک مارکیٹ نئی ریکارڈ سطح پر ،تیل قیمتیں مسلسل نیچے ،حسد کرنے والے والے برے لوگ ہیں یا پھر بے وقوف ۔
امریکی صدر نے کہا دیگر ممالک کے پاس بیلسٹک میزائل موجود ہیں تو ایران کامحروم رہنا غیر منصفانہ ہوگا،سعودی عرب ، قطر جیسے ممالک کے پاس میزائل ہیں تو متناسب حد تک ایران کے پاس بھی ہونا قابل قبول ہے،امریکہ طویل تنازع کے خاتمے کے بعد بھی خلیج میں اپنی فوجی موجودگی کچھ عرصے تک برقرار رکھے گا،ایران مثبت و تعمیری رویہ اختیار کرے تو 300 ارب ڈالر کے فنڈز تک رسائی دی جاسکتی ہے، حتمی معاہدے کےلئے 60 روز کی مدت کوئی سخت یا حتمی ڈیڈ لائن نہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف ،ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک ،دونوں رہنماوں کے درمیان گفتگو 30 منٹ سے زائد وقت تک جاری رہی۔
شہباز شریف نے مسعود پزشکیان، ایرانی قیادت اورعوام کو تاریخی امن معاہدے پردستخط کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاتاریخی معاہدہ خطے میں امن کے قیام میں مددگار ،ایرانی قوم کی تعمیرنو ،پاک ایران باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنے گا۔
وزیراعظم نے سپریم لیڈرمجتبیٰ خامنہ ای کےلئے پرتپاک احترام ونیک تمناوں کا اظہار اورامن معاہدے پر دستخط کے ایرانی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا مذاکرات کے اگلے مرحلے میں ایرانی قیادت کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں،پاکستان برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہر شعبے میں ایران کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
اعلامیے کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہادونوں شخصیات نے انتہائی مہارت، اخلاص ،دانشمندی سے ثالثی کے عمل کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا،ایران پاکستان کی ثالثی کے عمل کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا، مشکل وقت میں پاکستان کی مثبت، تعمیری اور مخلصانہ حمایت کو یا د رکھیں گے۔
ایرانی صدر نے پاکستانی عوام کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایران باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کومزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماوں نے باہمی سہولت کے مطابق جلد ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے دورے ،مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
قبل ازیں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو تاریخی قراردیتے ہوئے کہا ایم اویو ایران کا مضبوط پیغام امن باہمی احترام کے سائے میں ہی قائم ہو سکتا ہے، تہران اپنے وقار اور آزادی کو ہر قیمت مقدم رکھے گا۔
امن پر مہر ثبت،تاریخی معاہدے پر دستخط،شکریہ پاکستان،ایران،حمایت جاری رکھیں گے،وزیراعظم


















