ہربنس پورہ ،3منزلہ مکان کی چھت منہدم،ایک خاندان کے 11افراد جاں بحق ،6 زخمی


لاہور:( کرائم رپورٹر،ایریا رپورٹر)باغبانپورہ میں خستہ حال 3منزلہ مکان کی چھت منہدم،خواتین ،بچوں سمیت ایک خاندان کے 11افراد جاں بحق ، 6زخمی ہوگئے۔

سکھ نہر کے قریب 3 بھائی ایک ہی مکان کی 3 منزلوں پر رہائش پذیر ،بہن بھی بچوں کےساتھ رہنے کےلئے آئی ہوئی تھی، مکان کچا ، ٹی آر گارڈر سے بنا ،بارشوں سے بچنے کےلئے حال ہی میں سب سے اوپر کی چھت پر مٹی ڈلوائی گئی ، سب سے اوپر کی چھت دوسری ،دوسری چھت نیچے کی منزل پر آ گری،اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور اہل علاقہ موقع پر پہنچے ،جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں ،زخمیوں کو ملبے سے باہر نکالا،ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) ایم علی اعجاز ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کردی ،مریم نواز کی ہدایت پر سانحہ باغبانپورہ میں جاں بحق افراد کی تجہیز وتکفین کے انتظامات کیے گئے، احتیاطی تدابیر کے طور پر علاقے کو بند کرکے ملحقہ گھر خالی کرالیے گئے۔