فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کےخلاف کارروائی کیلئے ریسپانس فورس تشکیل


لاہور: (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے فیصل آباد ڈویژن کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ،عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان ملک نے شرکت کی، اجلاس کے بعد صوبائی وزرا نے مرکزی امام بارگاہ فیصل آباد اور مختلف جلوسوں کے روٹس کا دورہ بھی کیا۔

عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی تمام ڈپٹی کمشنرز ، ڈی پی اوز جلوسوں ، مجالس کے منتظمین کےساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور جلوسوں کے مقررہ اوقات کی پابندی کو یقینی بنائیں،حساس مقامات ،فلیش پوائنٹس پر سکیورٹی مزید موثر بنائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا امکان ختم کیا جا سکے،جلوسوں ،مجالس کے شرکا کےلئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی، ٹھنڈے پانی ،پنکھوں سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاوزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم کنٹرول رومز 24 گھنٹے فعال رہیں ،موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے،امام بارگاہوں کے باہر نصب کیو آر کوڈز کے ذریعے پینک بٹن ایپلی کیشن کے استعمال سے منتظمین کو مکمل طور پر آن بورڈ کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن بنایا جا سکے،شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے روٹس پر پانی کا مسلسل چھڑکا ﺅ،شرکا کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا سوشل میڈیا پر فیک نیوز، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کی موثر نگرانی کےلئے کوئیک رسپانس فورس تعینات کر دی جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر فوری کارروائی کو یقینی بنائے گی،عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ترجیح ،مقصد عوام، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔