عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلاءکو 190 ملین پاونڈ کیس میں دلائل کیلئے آخری مہلت

اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاونڈ کیس میں بانءپی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے جاری حکم نامے میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاءکو اپیلوں پر دلائل دینے کیلئے حتمی مہلت دیدی۔

عدالت نے قرار دیا کہ اگر آئندہ سماعت پر اپیلوں کے حق میں دلائل پیش نہ کئے گئے تو مزید مہلت نہیں دی جائیگی اور نیب کا موقف سننے کے بعد دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر اپیلوں کا فیصلہ کر دیا جائیگا۔ حکم نامے کے مطابق سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو واضح انڈر ٹیکنگ دی ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر مزید التواءکی درخواست نہیں کریں گے اور اپیلوں پر اپنے دلائل مکمل کریں گے۔

عدالت نے سردار لطیف کھوسہ کی انڈر ٹیکنگ کی بنیاد پر کیس ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس مقدمے میں یہ آخری مہلت دی جا رہی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ سماعت پر اگر اپیلوں پر دلائل نہ دئیے گئے تو کیس مزید ملتوی نہیں ہو گا اور نیب کا موقف سننے کے بعد دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں فیصلہ سنا دیا جائیگا۔