سیالکوٹ:(بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے سیاستدانوں کو خود منزل کا پتہ نہیں، دوسروں کی کیا رہنمائی کرینگے،حکمرانوں و بیرونی طاقتوں کی خواہشات پر تاریخ مسخ کی گئی،آئینی ترمیم کے مطابق شناخت پاکستانی ہونی چاہئے،موجودہ تعلیمی نصاب اپنی اصل روح سے ہٹ چکا،قومی اہداف کے حصول کےلئے ابھی طویل سفر طے کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاملک میں استاد ،شاگرد کے رشتے کا تقدس متاثر ،نئی نسل کو درست تاریخی شعور و کردار سازی پر مبنی تعلیم نہیں مل سکی، موجودہ نصاب طلبہ کی ایسی شخصیت سازی نہیں کر رہا جس کی معاشرے ،ملک کو ضرورت ہے، تعلیم کا مقصد صرف ڈگری حاصل کرنا یا سرکاری ملازمت پانا نہیں بلکہ ایسے باکردار و ذمہ دار شہری تیار کرنا ہے جو معاشرے کےلئے رول ماڈل ثابت ہوں۔
وزیر دفاع نے کہاتعلیمی نظام و نصاب کو قومی ضروریات ، معاشرتی تقاضوں کے مطابق تشکیل دینا ہوگا تاکہ نئی نسل کو درست تاریخی شعور، بہتر اخلاقی اقدار اور مثبت کردار کےساتھ مستقبل کی ذمہ داریاں نبھانے کے قابل بنایا جا سکے، قومی شناخت کے فروغ کےلئے پنجاب سے گلگت بلتستان تک یکساں نصاب ہونا چاہئے۔
خواجہ آصف نے کہاڈیڑھ سال میں حاصل کی گئی کامیابیوں کی مثال 78برس کی تاریخ میں نہیں ملتی،معرکہ حق کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، دہشتگردی سے پہچانا جانے والا پاکستان امن کی علامت بن کر ابھرا ، خطے کو تباہی سے بچانے میں وزیراعظم ،فیلڈ مارشل کا اہم کردار رہا، سیاست دان باہمی اختلافات کی بجائے ملکی ترقی کےلئے کردار ادا کریں۔
سیاستدانوں کو خود منزل کا پتہ نہیں، دوسروں کی کیا رہنمائی کرینگے،خواجہ آصف


















