ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن، مہنگائی بدستور بڑا چیلنج


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)معیشت استحکام کی جانب گامزن،مہنگائی بدستور بڑا چیلنج، ایس اینڈ پی گلوبل نے رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ 11.5 فیصد پر برقرار رکھنا موجودہ معاشی حالات کے تناظر میں محتاط فیصلہ ہے،پاکستانی معیشت استحکام کی جانب گامزن تاہم مہنگائی اب بھی مرکزی بینک کے مقررہ ہدف سے زیادہ ہے، مشرق وسطیٰ کشیدگی، عالمی اجناس قیمتوں میں اتار چڑھاو اور موسمیاتی تبدیلی جیسے عوامل ملکی معاشی منظرنامے کےلئے اہم خطرات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2027 میں پاکستانی معاشی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کی توقع ہے ،دسمبر 2026 تک زرمبادلہ ذخائر 19.5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں،مضبوط ترسیلات زر کی بدولت بیرونی مالیاتی صورتحال مزید بہتر ہونے اور کرنٹ اکاونٹ خسارہ محدود رہنے کا امکان ہے۔

ایس اینڈ پی گلوبل کے پرنسپل اکانومسٹ احمد مبین نے کہا قرضوں کی ادائیگیوں کے تناظر میں مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنا ناگزیر ،معاشی استحکام کے باوجود سٹیٹ بینک سے محتاط مانیٹری پالیسی جاری رکھنے کی توقع ہے ۔