میلبورن (مشرق نیوز) انگلش ٹیم آسٹریلین سرزمین پر 15 برس بعد ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میلبورن کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے دوسرے ہی روز انگلینڈ نے میزبان ٹیم کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز کا خسارہ 3-1 کردیا۔
دوسرے دن آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں 132 رنز پر آو¿ٹ ہو گئی اور انگلینڈ نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 175 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 33 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں ٹریوس ہیڈ نے 46 اور کپتان سٹیو سمتھ نے 24 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کے برائیڈن کارز نے 4، بین اسٹوکس نے 3 اور جوش ٹنگ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کی جانب سے جیکب بیتھل نے 40، زیک کرالی نے 37 اور بین ڈکٹ نے 34 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جھے رچرڈسن، سکاٹ بولینڈ اور مچل سٹارک نے 2، 2 کھلاڑی آوٹ کئے۔ انگلینڈ کی ٹیم 15 سال اور 19 ٹیسٹ میچوں کے بعد آسٹریلوی سرزمین پر جیتنے میں کامیاب ہوئی، پانچ ٹیسٹ میچوں کی سریزیز میں آسٹریلیا کو تین ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پرتھ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بھی دوسرے ہی روز ختم ہو گیا تھا جس کے باعث کرکٹ آسٹریلیا کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
ایشز سیریز: انگلینڈ آسٹریلیا میں 15 برس بعد ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب



















