بجٹ پر اختلافات، بلاول بھٹو نے اسمبلی میں تقریر ملتوی کردی

اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی بجٹ پر پیپلزپارٹی اور حکومت کے درمیان اختلافات دور نہ ہوسکے جس پر بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں بجٹ پر جاری بحث میں اپنی تقریر احتجاجاً ملتوی کردی۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے بجٹ سے متعلق پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو تفصیلی بریفنگ دی۔

اس بریفنگ میں نوید قمر نے بلاول بھٹو کو آگاہ کیا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ مشاورت کے دوران جو بجٹ تجاویز اور اعداد و شمار شیئر کیے گئے تھے ان میں اور قومی اسمبلی میں پیش کئے جانے والے بجٹ میں نمایاں فرق موجود ہے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ میں پائے جانے والے ان اختلافات پر پیپلزپارٹی کی قیادت نے تشویش کا اظہار کیا اورپیپلزپارٹی حکومت سے فوری وضاحت طلب کریگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مقصد کیلئے پارٹی کی ایک اعلیٰ سطح کی ٹیم جلد حکومتی نمائندوں سے رابطہ کریگی۔ بجٹ کے معاملے پر بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر بھی ملتوی کردی۔