گلگت بلتستان میں نومنتخب حکومت کیساتھ ملکر کام کرینگے: وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کی پائیدار ترقی، عوامی خوشحالی اور خطے کے اہم ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کےلئے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقیاتی اور مالی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مجد حسین نے وزیراعظم ہاو¿س اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں گلگت بلتستان کی مالی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو درخواست کی کہ گلگت بلتستان کی مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے خصوصی تعاون فراہم کیا جائے تاکہ جاری ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے جا سکیں۔وزیراعلیٰ نے توانائی کے شعبے کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیراعظم سے درخواست کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے مطلوبہ فنڈز کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہو سکیں اور خطے میں بجلی کی قلت پر قابو پایا جا سکے۔ اس پر وزیراعظم نے گلگت بلتستان کیلئے گندم کا مکمل کوٹہ بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پر عزم ہے،وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی فلاح و بہبود کیلئے قابل تجدید توانائی، سیاحت، انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کے منصوبوں میں 100 میگاواٹ کا شمسی توانائی اور دانش سکولوں کے قیام کے منصوبے سر فہرست ہیں ،وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی سہولت کیلئے گلگت میں پاکستان آسان خدمت سینٹر بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ بھی موجود تھے۔