شاہ رخ خان کا وینٹی لیٹر پر موجود سلیم خان سے متعلق بڑا انکشاف

ممبئی (مشرق نیوز) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے سلمان خان کے والد اور سکرین رائٹر سلیم خان سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میں اگر آج شاہ رخ خان ہوں تو سلیم خان کی وجہ سے ہوں۔ رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کے والد اور معروف سکرین رائٹر سلیم خان کو برین ہیمرج کے بعد تشویشناک حالت میں ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال لایا گیا تھا اور بعد ازاں انہیں آئی سی یو منتقل کردیا گیا تھا۔

90 سالہ سلیم خان اس وقت وینٹی لیٹر پر ہیں اور ڈاکٹرز انکی مسلسل نگرانی کررہے ہیں، اس دوران سلیم خان کے اہل خانہ اہلیہ سلمیٰ خان اور ہیلن، بیٹے سلمان خان، ارباز اور سہیل خان مسلسل انکے ساتھ موجود رہے۔ ڈاکٹر جلیل ڈی پارکر کے مطابق برین ہیمرج بہت معمولی تھا، سلیم خان کا ایک چھوٹا سا پروسیجر کیا گیا جو کامیاب رہا اور انکی طبیعت اب بہتر ہے، مگر وہ ابھی وینٹی لیٹر پر ہیں، عمر کے پیش نظر صحت یابی میں کچھ وقت لگے گا۔

دوسری طرف سلیم خان کی طبیعت سے متعلق خبر وائرل ہوتے ہی شاہ رخ خان کا ایک پرانا انٹرویو دوبارہ وائرل ہوگیا جس میں اداکار کے جذباتی الفاظ نے مداحوں کو متاثر کر دیا۔ شاہ رخ خان نے سلمان خان کے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ میں آج شاہ رخ خان ہوں تو سلیم خان کی وجہ سے ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ ممبئی سٹرگلنگ کررہے تھے تو اکثر انکا کھانا سلمان خان کے گھر ہوتا تھا جہاں سلیم خان ان کی بہت حوصلہ افزائی کرتے تھے اور انہی کی وجہ سے میں”شاہ رخ خان“ بن سکا۔