یومِ استحصال کشمیر پر شہر شہر ریلیاں،سیمینارز ،مودی کے پتلے،ترنگے نذر آتش


اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ: (بیورورپورٹ،خبر نگار) یومِ استحصال کشمیر پر شہر شہر ریلیاں،سیمینارز ،مودی کے پتلے،ترنگے نذر آتش، اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر صبح 9 بجے ملک بھر میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کےلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی،سائرن بجائے گئے ،حکومت ، ضلعی انتظامیہ، مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی و تعلیمی اداروں کی جانب سے ریلیوں، واکس، سیمینارز، کانفرنسوں اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا،سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں و دیگر سرکاری و نجی اداروں میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی تقریبات ،مختلف مقامات پر دعائیہ اجتماعات اور تصویری نمائشوں کا اہتمام کیا گیا۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے کہاپاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کےلئے منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا،کشمیر ی عوام کی جرات، ثابت قدمی اور غیرمتزلزل عزم پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔