واشنگٹن، تہران، دوحہ (بیورو رپورٹ+ مشرق نیوز) امریکی صدر نے ایران پر معاشی حملہ کرتے ہوئے نئی پابندیاں عائد کر دیں،صدر ٹرمپ نے ایران کےساتھ تجارت کرنےوالے ممالک پر25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کر دیا، ٹروتھ سوشل پر امریکی صدر نے کہا اضافی ٹیرف کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، فیصلہ حتمی ہے کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، ایران کے محب وطن لوگ احتجاج جاری رکھیں، اداروں پر قبضہ کرلیں، مدد پہنچ رہی ہے،قاتلوں اور ظلم کرنے والوں کے نام یاد رکھیں، انہیں بہت بڑی قیمت چکانی پڑے گی،ادھر امریکہ نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت جاری کردی ،امریکی سفارتخانے کی وارننگ میں کہا ایران میں احتجاجات کے باعث گرفتاریاں، زخمی ہونے، سکیورٹی اقدامات، سڑکیں بند، ٹرانسپورٹ معطل اور انٹرنیٹ کی بندش جیسے حالات ہیں جن سے امریکی شہریوں کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے، امریکی شہری اگر محفوظ ہو سکے تو زمینی راستوں سے آرمینیا یا ترکی کے راستے ایران چھوڑ دیں، انٹرنیٹ بندش کے پیش نظر رابطے کے متبادل انتظامات بنائے جائیں،دوہری شہریت رکھنے والے امریکی ایرانی شہریوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے ایران دوہری شہریت تسلیم نہیں کرتا، اس لیے ان کو اپنے ایرانی پاسپورٹ سے ہی ایران چھوڑنا چاہیے، وہ لوگ جو اب بھی ایران میں ہیں، احتجاجات سے دور رہیں، عوامی اجتماعات میں شامل نہ ہوں اور اپنے آپ کو محفوظ مقامات پر رکھیں،مزید برآں امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) اور علاقائی شراکت داروں نے قطر کے العدید ائیر بیس میں نیا کوآرڈی نیشن سیل قائم کیا ہے جس کا مقصد فضائی اور میزائل دفاع کو مضبوط بنانا ہے،نیا مڈل ایسٹ ائیر ڈیفنس-کمبائنڈ ڈیفنس آپریشنز سیل (MEAD-CDOC) کمبائنڈ ائیر آپریشنز سینٹر (CAOC) میں واقع ہے اور اس میں امریکا اور علاقائی شراکت داروں کے اہلکار شامل ہیں،سینٹ کام کے بیان میں کہا گیا قطر میں قائم کمبائنڈ ائیر آپریشنز سینٹر 20 سال قبل قائم کیا گیا تھا اور اس وقت یہ 17 ممالک کے نمائندوں پر مشتمل ہے، سینٹر کے اندر بننے والا نیا سیل علاقائی ممالک کے درمیان فضائی اور میزائل دفاع کےلئے تعاون کو مزید بہتر بنانے کےلئے تیار کیا گیا ہے، سیل معلومات کے تبادلے اور خطرات سے متعلق وارننگز جاری کرنے کی ذمہ داری بھی ادا کرے گا،دریں اثناءایران نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا مظاہرین کو بیرونی ممالک کی حمایت حاصل ہے جن میں امریکہ اور اسرائیل شامل ہیں،تازہ پیشرفت میں ایرانی انٹیلی جنس نے دعویٰ کیا ہے ملک کے مختلف علاقوں سے امریکی اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد شرپسندوں نے اپنے گھروں میں چھپا کر رکھے تھے اور بیرون ملک سے ہدایات لے رہے تھے،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے الجزیرہ کو انٹرویو میں بتایا ایران کے پاس ایسی آڈیو ریکارڈنگز بھی موجود ہیں جن میں بیرون ملک سے دہشت گرد ایجنٹس کو پولیس اور مظاہرین پر فائرنگ کے احکامات دیے جا رہے ہیں، انٹرنیٹ اسی وقت بند کیا گیا جب ہمیں یقین ہوگیا دہشت گردوں کو کارروائیوں کی ہدایات ملک سے باہر سے آ رہی ہیں جن کا مقصد قتل و غارت پھیلانا تھا،علاوہ ازیں قطر نے خبردار کیا ہے امریکہ اور ایران کے درمیان کسی بھی فوجی تصادم کے خطے پر سنگین اور تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے،قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے دوحہ میں پریس کانفرنس میں کہا جانتے ہیں کسی بھی قسم کی کشیدگی یا عسکری کارروائی کے نتائج خطے اور اس سے باہر کےلئے انتہائی تباہ کن ہوں گے،ایسی صورتحال سے ہر ممکن طور پر گریز چاہتے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا ایران کیساتھ تجارت کرنیوالے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان



















