قومی سلامتی کیلئے گرین لینڈ کی ضرورت ہے،ڈونلڈ ٹرمپ


واشنگٹن،پیرس،کوپن ہیگن:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے امریکہ کو قومی سلامتی کیلئے گرین لینڈ کی ضرورت ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہاروس یا چین گرین لینڈ پر قبضہ کرنا چاہیں تو ڈنمارک کچھ بھی نہیں کر سکتا،دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے،ڈنمارک کےساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

دوسری جانب گرین لینڈ نے امریکی ملکیت بننے سے انکار کردیا ،گرین لینڈ ،ڈنمارک کے وزرائے خارجہ نے واشنگٹن میں امریکی حکام سے ملاقات کی،گرین لینڈ کے وزیر خارجہ نے کہا امریکہ سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں مگر گرین لینڈ امریکی ملکیت نہیں بننا چاہتا،گرین لینڈ کی خودمختاری “سرخ لکیر” ہے ، کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

ادھر فرانس نے 6 فروری کو گرین لینڈ میں اپنا قونصل خانہ کھولنے کا اعلان کر دیا،فرانسیسی وزیر خارجہ جین نوئیل بارو نے کہاامریکہ کو گرین لینڈ کو بلیک میل کرنے اور خودمختار ڈینش علاقے پر قبضے کی خواہش سے روکنا چاہئے،نیٹو کے کسی دوسرے رکن ملک پر حملہ کرنا کسی بھی طرح درست نہیں ہوگا، اقدام امریکہ کے اپنے مفادات کے بھی خلاف ہے ،بلیک میلنگ کو ختم ہونا چاہئے۔

علاوہ ازیں مذاکرات ناکام ہونے پرڈنمارک نے نیٹو اتحادیوں کےساتھ گرین لینڈ میں فوج تعینات کرنا شروع کر دی،ڈنمارک کی وزارت دفاع نے اعلان کیا آپریشن آرکٹک اینڈیورنس کے تحت گرین لینڈ وگرد و نواح میں فوجی موجودگی کو مضبوط کیا جا رہا ہے،آپریشن میں جرمنی، فرانس، ناروے اور سویڈن سمیت کئی نیٹو ممالک شریک ہیں،اقدام کا مقصد آرکٹک خطے میں دفاعی صلاحیت بڑھانا، اہم انفراسٹرکچر کا تحفظ، مقامی خودمختار حکومت کی معاونت، فضائی و بحری آپریشنز کو بہتر بنانا ہے۔