بھارت،یورپی یونین میں ”مدر آف آل ڈیلز“آزاد تجارتی معاہدہ طے


نئی دہلی:(مشرق نیوز)بھارت،یورپی یونین میں ”مدر آف آل ڈیلز“آزاد تجارتی معاہدہ طے پا گیا،معاہدے کے تحت یورپی برآمدات کے تقریباً 97 فیصد پر ٹیرف کم یا ختم ،سالانہ 4 ارب یورو تک ڈیوٹی کی بچت ہو گی۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں یورپی کمیشن ،کونسل کے صدر سے ملاقات کے بعد کہا مدر آف آل ڈیلز ہے،معاہدہ بھارت کے ایک ارب 40 کروڑ عوام ، یورپی یونین کے کروڑوں لوگوں کےلئے بے شمار مواقع پیدا کرے گا۔

یورپی حکام کے مطابق اب تک بھارت کا سب سے جامع و وسیع تجارتی معاہدہ ،یورپ کے زرعی، آٹو موبائل ،خدمات کے اہم شعبوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے،غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق معاہدے میں سکیورٹی شراکت داری بھی شامل ہے ،دفاعی کمپنیوں کےلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

نریندر مودی نے کہا معاہدے سے بھارت کے ٹیکسٹائل، قیمتی پتھروں ،زیورات، چمڑے کی مصنوعات و خدمات کے شعبے کو بھی فروغ ملے گا۔

علاوہ ازیں بھارت ،یورپی یونین نے دفاع و سلامتی کے شعبوں میں گہرے تعاون کےلئے فریم ورک پر بھی اتفاق کرلیا،ہنر مند افراد ، طلبہ کی نقل و حرکت میں آسانی کےلئے علیحدہ معاہدہ طے پایا۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے کہا معاہدے کے تحت سلامتی ،دفاع سالانہ ڈائیلاگ بھی عمل میں آئے گا،پہلا اجلاس رواں ماہ ہوگا،مضبوط شراکت داریاں طاقت میں اضافہ کرتی ہیں۔