نئی جنگ کے سائے گہرے،وقت ختم،ایران نے معاہدہ نہ کیا تو حملہ پہلے سے بدتر ہوگا،ٹرمپ


واشنگٹن،تہران:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)خطے میں نئی جنگ کے سائے گہرے،امریکی صدر ٹرمپ نے معاہدہ نہ کرنے پر ایران کو تباہ کن نتائج کی د ھمکی دےدی،تہران نے جنگ کی تیاریاں شروع کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کرکے فوجی مشقوں کا اعلان کردیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا بڑا بحری بیڑا تیزی سے بھرپور طاقت، جوش اور واضح مقصد کےساتھ ایران کی طرف گامزن،بیڑے کی قیادت عظیم طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کر رہا ہے،بحری بیڑا وینز ویلا کی طرح ضرورت پڑنے پر طاقت، تشدد سے اپنے مشن کو فوری مکمل کرنے کا اہل ہے،امید ہے ایران جلد از جلد مذاکرات کی میز پر آکرمنصفانہ ،مساوی معاہدے پر بات چیت کرےگا، کوئی جوہری ہتھیار نہیں ایسا معاہدہ چاہیے جو تمام فریقین کےلئے بہتر ہو۔

امریکی صدر نے کہا وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے ،پہلے بھی کہا تھا معاہدہ کرلو ایران نے ایسا نہیں کیا پھر آپریشن مڈنائٹ ہیمر ہوا، بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑااگلا حملہ کہیں زیادہ شدید ہوگا،وارننگ کو نظرانداز کیا گیا تو ایران مڈنائٹ ہیمر سے بھی بڑے اور خطرناک حملے کےلئے تیار رہے۔

دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز میں فوجی مشقوں کا اعلان کرتے ہوئے فضائی حدود کا نوٹم بھی جاری کر دیا ،نوٹم میں کہا گیا آبنائے ہرمز کے اطراف پرواز 25 ہزار فٹ سے نیچے نہ کی جائیں، مشقیں 9 کلو میٹر کی حدود میں ہوں گی،پاسداران انقلاب نے کہا امریکی جہاز ایرانی سمندری حدود میں آئے تو حملہ کردیں گے،امریکی صدر گفتگو زیادہ کرتے ہیں، جنگ کا فیصلہ تو میدان میں ہوگا۔

علاوہ ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا دھمکیوں کے ماحول میں مذاکرات نہیں ہوسکتے، بات چیت دباو،غیر معمولی مطالبات ختم ہونے پر ہی ممکن ہے،حالیہ دنوں امریکی ایلچی سٹیو وٹکوف سے کوئی رابطہ نہیں ہوا تاہم ثالث ممالک کے ذریعے مشاورت جاری ہے،خطے میں امریکی فوجی نقل وحرکت اور کسی بھی ممکنہ فوجی مہم جوئی کا نتیجہ شدید عدم استحکام کی صورت میں نکلے گا۔