لاہور، اسلام آباد (وقائع نگار+ بیورو رپورٹ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امریکا ایران جنگ کا مسئلہ جلد حل ہو گا اور صلح ہوگی، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔لاہورمیں غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھاکہ ایران امریکا معاہدہ سے متعلق ایک دو دن میں اچھی خبر آئے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ تیل کی قیمتوں کو پلاننگ کے ساتھ مستحکم رکھا گیا ہے، ایسا نہ کرتے تو پیٹرول قیمت ڈھائی سوروپے ایک ہی وقت میں بڑھ جاتی۔خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران امن معاہدے کے بہت زیادہ قریب ہیں، اگلے 24 گھنٹے میں معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے کی توقع ہے اور پاکستان معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کی تیاری کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ اگلے ہفتے تکنیکی سطح کے مذاکرات منعقد ہوں گے، مسلسل عزم اور مذاکرات کے دوران تعمیری کردار پر امریکا اور ایران کے شکر گزار ہیں ، یقین ہے یہ تاریخی امن معاہدہ خطے میں دیرپا امن، استحکام اور باہمی تعاون کیلیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ دریں اثناءوفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا دورہ کرکے فورس کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ تربیت کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے وزارت داخلہ کے بیرونِ ملک سے آنے والے اسٹیٹ گیسٹس کے لیے قائم اسپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کی تربیتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور اہلکاروں کی جدید خطوط پر تربیت کے معیار کو سراہا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف ایف سی کا کردار اہم ہے، اسپیشل پروٹیکشن ونگ کو ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر جدید اور منظم فورس بنایا جا رہا ہے، غیر ملکی مہمانوں کو بین الاقوامی معیار کی سیکیورٹی فراہم کرنا اسپیشل پروٹیکشن ونگ کی ذمے داری ہو گی، جس کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
امریکہ، ایران معاہدہ پر جلد اچھی خبر آئے گی: محسن نقوی


















