اسرائیل کے آبادکاری منصوبے آزاد فلسطینی ریاست کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، پاکستان

نیویارک (مشرق نیوز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کے حق میں واضح مو¿قف اختیار کرتے اور اسرائیل کے متنازع ای ون آبادکاری منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے اسے مستقبل کی فلسطینی ریاست کے جغرافیائی وجود کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں حالات مسلسل تشویشناک رخ اختیار کر رہے ہیں جہاں بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں۔ عاصم افتخار نے کہا کہ سلامتی کونسل کے متعدد ارکان نے بھی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتساب پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاری کی رفتار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینیوں پر تشدد کے واقعات بھی ریکارڈ سطح تک پہنچ چکے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ای ون منصوبہ فلسطینی علاقوں کے باہمی جغرافیائی ربط کو متاثر کرے گا اور دو ریاستی حل کے امکانات کو مزید کمزور بنا دے گا۔عاصم افتخار نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں 4 ہزار 750 نئے رہائشی یونٹس کی منظوری انتہائی تشویشناک پیش رفت ہے جو بین الاقوامی برادری کی کوششوں کے برعکس صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔