اقوام عالم سائنس کو انسانی فلاح کیلئے استعمال کرے :سپیکر پنجاب اسمبلی

ساہیوال (بیورو رپورٹ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ اقوام عالم سائنس کو انسانی فلاح کیلئے استعمال کرے نہ کہ تباہی و بربادی کیلئے۔ مصنوعی ذہانت کے اس دور میں انسانی اقدار تیزی سے تبدیل ہورہی ہیں جنہیں سماجی ضابطوں میں ڈالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال میں احتیاط سے کام لیں کیونکہ جہاں بات کہنا ضروری ہو وہاں سننا بھی چاہیے۔ وہ یہاں ایک نجی کالج کے زیراہتمام ڈگری مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں چیئرمین کمانڈ کالج چوہدری وحید الحق، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر کامران، ممبران صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم اور ملک ارشد، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر جنرل بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز ساہیوال عقیل اشفاق، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملک سعید احمد سگلہ اور انفارمیشن سیکرٹری شیخ طارق سجاد ایڈوکیٹ، سابق چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد اقبال، سیاسی رہنما چوہدری طاہر روف، پنجاب بار کونسل کے سابق ممبر چوہدری طاہر شبیر، سابق چیئر مین ضلعی اوورسیز کمیٹی چوہدری زاہد اقبال اور ساہیوال پریس کلب کے سابق صدر شیخ نعیم سمیت طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے دنیا کی بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری نظر رکھنے اور اس کی ضرورتوں کے مطابق پالیسیاں بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کامران نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں کامیابی کی واحد کنجی سائنس اور ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنا ہے اور طالب علموں کو چاہیے کہ وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سکالرشپس کے ذریعے طلبہ و طالبات کی تعلیم میں مالی وسائل حائل ہونے کو دور کر دیا ہے لہذا اب پوری توجہ تعلیم کے حصول پر مرکوز کی جائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین چوہدری وحید الحق نے کالج کے تعلیمی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور اسے یونیورسٹی کا درجہ دلانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس سے پہلے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کالج کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب تعلیمی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کالج لان میں یادگاری پودا بھی لگایا۔