اسلام آباد (مشرق نیوز) قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق آج 6 جولائی سے کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 7 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے 7 جولائی کو اسلام آباد، پوٹھوہار، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بارشوں کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ متوقع بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ 7 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں بھی پانی کے بہاو میں معمولی اضافے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں، تاہم پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں اچانک پانی کے بہاو میں مقامی سطح پر اضافہ ہو سکتا ہے۔ حساس بالائی علاقوں میں سیلاب جبکہ شدید بارش کے دوران شہری علاقوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید برآں خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ بھی ہے۔
آج سے 10 جولائی تک بارشوں کا امکان، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ


















