تہران،واشنگٹن،ابوظہبی،دوحہ،ریاض،بحرین(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)امریکہ ایران پھر ایک دوسرے پر حملہ آور،میزائلوں کی بارش،آبنائے ہرمز بند،قطر نے سمندری سرگرمیاں غیر معینہ مدت تک معطل کر دیں۔
سینٹ کام نے کہاایران پر حملوں کا تیسرا مرحلہ مکمل ہوگیا ،امریکی فوج نے 140 فوجی اہداف میزائل و ڈرون سائٹس، بحری صلاحیتوں، اسلحہ ذخیرہ گاہوں کو نشانہ بنایا ،کارروائیاں صدر کی ہدایات پر تجارتی بحری جہاز پر مبینہ ایرانی حملے کے بعد کی گئیں۔
دریں اثنا ایران نے عمان، قطر، اردن، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اہداف پر جوابی میزائل داغے،پاسداران انقلاب نے کہاحملوں میں جنگی طیاروں کی دیکھ بھال و مرمت کے مرکز سمیت کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر ،صوبے لرستان کے شہر خرم آباد میں امریکی کروز میزائل کو تباہ کردیا،امریکی مداخلت کے خاتمے تک آبنائے ہرمز مکمل بند رہے گی،بحری جہاز غیرمنظور شدہ راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا جس پر کارروائی کی گئی،موجودہ صورتحال میں کسی بھی جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، دشمن نے کوئی غلط قدم اٹھایا تو سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایرانی نیشنل سکیورٹی، فارن پالیسی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی نے دعویٰ کیا آبنائے ہرمز کا کنٹرول بزور طاقت حاصل کرلیا،کنٹرول برقرار رکھیں گے۔
چیف مذاکرات کار اور پارلیمانی سپیکر باقر قالیباف نے کہایکطرفہ ڈیل کا دور ختم ،خبردارکیا تھا اپنے وعدے پورے کرو یا قیمت چکاواب حقیقت تمہارے دروازے پردستک دے رہی ہے،تہران آبنائے ہرمز میں اپنے مفادات کاہرقیمت پر تحفظ کرے گا۔
ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہاایران کا کوئی کنٹرول نہیں،آبنائے ہرمز قانونی طور پر گزرنے والے تمام جہازوں کےلئے کھلی ، امریکی فوج آمد ورفت یقینی بنانے کےلئے تیار ہے،ایرانی جارحیت، ہراسانی،دھمکیوں اور خودساختہ اعلانات کے باوجود آبنائے ہرمز میں جہاز رانی یقینی بنانے کےلئے موجود ہیں۔
دوسری جانب قطر نے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر ملک بھر میں بیشتر سمندری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کردیں اور ایران کے حملوں کوملکی خودمختاری و بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قراردےدیا۔
علاوہ ازیں خلیجی ممالک سعودی عرب، عمان اور کویت نے کہا ایران کا رویہ خطے کے امن و استحکام کیلئے نقصان دہ،تجارتی جہازوں پر حملے و بحری راستوں کو نشانہ بنانا اقوام متحدہ چارٹر، اسلامی تعاون تنظیم کے اصولوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
امریکہ ایران پھر ایک دوسرے پر حملہ آور،میزائلوں کی بارش،آبنائے ہرمز بند


















