اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان میں نئے صوبوں کے مجوزہ قیام کے حوالے سے ایک ابتدائی خاکہ سامنے آگیا ہے جس میں باخبر ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ اس معاملے پر بہت جلد قومی سطح پر ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے جب کہ مجوزہ ڈھانچے پر عوامی حمایت کا اندازہ لگانے کیلئے چاروں موجودہ صوبوں میں ووٹوں کی گنتی الگ الگ کی جائے گی۔
صوبے لسانی نہیں انتظامی بنیادوں پر بنیں گے، ‘پہلا مرحلہ ریفرنڈم ہوگا‘مستقبل میں کسی وقت عوام کی یہ مرضی ہوئی کہ گوادر اور کراچی کو وفاق کا حصہ بننا چاہیے تو ایسا کردیا جائیگا‘ الیکشن کمیشن پورے عمل کی نگرانی کریگا‘ہر نئے صوبے کی اپنی اسمبلی‘وزیر اعلی اور کابینہ ہوگی‘یہ محض قیاس آرائی ہے کہ ریفرنڈم سے سندھ میں خونریزی ہوسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریفرنڈم سے یہ نشاندہی کرنے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے کہ ہر صوبے کے اندر کون سے شہر اور اضلاع الگ انتظامی صوبوں کے قیام کے حق میں ہیں‘ معاملے سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ نئے صوبوں کے قیام پر گزشتہ تین ماہ سے بحث جاری ہے اور غیر یقینی صورتحال کو برقرار رکھنے کے بجائے اس معاملے پر واضح موقف سامنے لانے کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے‘ انہوں نے اشارہ دیا کہ ریفرنڈم جلد ہو سکتا ہےاور موقف اختیار کیا کہ اس بحث کو غیر معینہ مدت تک طول نہیں دیا جا سکتا۔مجوزہ انتظام کے تحت ریفرنڈم میں ہر صوبے کے الگ الگ نتائج مرتب کیے جائیں گے اور فیصلہ اکثریتی رائے کی بنیاد پر ہوگا۔
باخبر ذرائع کے مطابق اس کا مطلب یہ ہوگا کہ اگر کسی بھی صوبے کے ووٹرز نئے صوبوں کے قیام کی توثیق کرتے ہیں، تو ان کے مینڈیٹ کو زبردست سیاسی اور اخلاقی وزن حاصل ہوگا، جس کے بعد منتخب نمائندوں کے لئے عوام کی ظاہر کردہ مرضی کو نظر انداز کرنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ ملک گیر ریفرنڈم کا مقصد صوبائی ڈھانچے کی تشکیلِ نو کے سوال پر عوامی رائے معلوم کرنا ہے، جس میں یہ جاننا بھی شامل ہے کہ موجودہ صوبوں کے کون سے اضلاع یا شہر نئی انتظامی اکائیوں کے قیام کے حق میں ہیں۔
ریفرنڈم جلد، گنتی صوبائی سطح پر، معلوم ہوگا کون سے اضلاع یا شہر نئی انتظامی اکائیوں کے حق میں ہیں
















