عالمی بینک کے صدر کا دورہ پاکستان، وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہونگیں

اسلام آباد (مشرق نیوز) عالمی بینک کے صدر اجے بنگا دورے پر پاکستان پہنچ گئے ۔ وہ 4 فروری تک قیام کرینگے جس دوران انکی وزیراعظم سمیت کئی اعلیٰ حکام سے پاکستان میں معاشی اصلاحات، بھارت کے ساتھ جاری آبی تنازع پر بات چیت متوقع ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اجے بنگا کی وزیراعظم، نائب وزیراعظم، وزیر خزانہ، توانائی، اقتصادی امور حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں، انہیں معاشی اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات سے آگاہ کیا جائیگا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجے بنگا کے اس دورہ کے دوران عالمی بینک کے ساتھ دس سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر عمل درآمد میں اہم پیش رفت متوقع ہے، عالمی بینک اس فریم ورک کے تحت 2035 تک پاکستان کو 20 ارب ڈالر فراہم کریگا۔

عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے پاکستان پہنچنے کے بعد اپنے وفد کے ہمراہ گوردوارہ سری پنجہ صاحب حاضری دی۔ حسن ابدال میں وزیر اقلیتی امور امریش سنگھ اروڑا، ڈی پی او اور ڈی سی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا، اجے بنگا نے پنجہ صاحب میں مذہبی رسومات ادا کیں، سکھ برادری کی جانب سے اجے بنگا کو سروپا پیش کیا گیا۔ صدر عالمی بینک کا وفد گوردوارہ پنجہ صاحب کے دورے کے بعد ٹیکسلا میوزیم روانہ ہو گیا۔