دشمن 0-8 کا معرکہ حق کبھی فراموش نہیں کر پائے گا، مریم نواز

لاہور: (نمائندہ خصوصی) ”معرکہ حق، پاکستانی عوام، حکومت اور افواج پاکستان بنیان مرصوص“،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عظیم فتح کا سال مکمل ہونے پر اظہار تشکرکرتے ہوئے معرکہ حق کے ہیروز کو سلام عقیدت ،وزیر اعظم شہبازشریف،فیلڈ مارشل عاصم منیراورائیر مارشل بابر ظہیر ایڈمرل نوید اشرف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا8-0کا معرکہ حق دشمن کبھی فراموش نہیں کر پائے گا،پاکستان کی فتح اور بھارتی شکست کی گواہی دنیا نے دی اور دی جاتی رہے گی،معرکہ حق نے دشمن پر پاکستان کی ہیبت کا نشان ثبت کر دیا۔

مریم نوازنے کہامعرکہ حق نے ثابت کردیا امن پسند ہیں مگر وقت آئے تو بنیان مرصوص بھی ہیں، معرکہ حق تاریخ عالم میں پاکستان کی عظمت کا باب بن چکا ،دنیا نے دیکھا پوری قوم متحد اور یکسو ہوکر دشمن کے سامنے بنیان مرصوص بن گئی، پاک افواج ،پاکستانی عوام کے اتحاد نے د شمن کو سر جھکانے پر مجبور کردیا۔

وزیراعلیٰ نے کہابے باک قیادت نے معرکہ حق میں تاریخی فتح کی بنیاد رکھی،دنیا بھر میں ہر محب وطن پاکستانی معرکہ حق کی کامیابی پر خوشی منا رہا ہے، پنجاب میں ہر شہر ،ہر گاوں، ہر گلی کوچے میں معرکہ حق کی خوشیاں منائی جارہی ہیں،شاہینوں نے پیشہ ورانہ حربی مہارت کے ذریعے دشمن سے اپنی برتری کا لوہا منوایا۔

دریں اثناوزیر اعلیٰ مریم نواز نے مہاجرپرندوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاخوبصورت ،دلکش مہاجر پرندے قدرت کا انمول و بے مثال عطیہ ، دور دیسوں سے آنے والے مہاجر پرندے فطرت کی خوبصورتی بڑھاتے،ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،حفاظت کےلئے قدرتی ماحول کا تحفظ ضروری ہے۔

مریم نواز نے کہا پنجاب حکومت مہاجر پرندوں کے محفوظ مسکن ، جنگلات کی بقا کےلئے کاوش کررہی ہے، جنگلی حیات کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ماحول دوست موثر اور دیرپا اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں،حکومتی اقدامات کے نتیجے میں راج ہنس، ابابیل، فلیمنگو سمیت ہزاروں دیگر مہاجر پرندوں کی پاکستان واپسی ممکن ہوئی،پرندے فطرت کا حسین ورثہ ، حفاظت سب کا فرض ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹانک ،ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر اظہار تشکرکرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔