راولپنڈی: (بیورورپورٹ)لبنانی کمانڈر ان چیف جنرل روڈولف ہائیکل کادورہ جی ایچ کیو ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال و دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر لبنانی کمانڈران چیف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا،پاکستان ،لبنان کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط ،تربیتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کےساتھ دیرینہ و خوشگوار تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، پاکستان نے لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
جنرل روڈولف ہائیکل نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں ،آپریشنل مہارت کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کےلئے پاکستان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا،آئی ایس پی آر کے مطابق بین الاقوامی امن مشنز میں پاکستان کی خدمات کو لبنان نے قابل قدر قرار دیا، پاکستان ،لبنان کی افواج نے فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار،ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دریں اثنا بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر ہزہائینس جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے ملاقات کی،باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان و بحرین کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماوں نے پاکستان ،بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا،بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور خطے میں امن و استحکام کےلئے خدمات کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سے لبنانی ،بحرینی کمانڈر کی ملاقاتیں،تعاون بڑھانے پر اتفاق


















