اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا ہے ایران جنگ کے دوران توانائی کے بنیادی ڈھانچے کونقصان پہنچا، تنازع نے مہنگائی کو دوبارہ 2ہندسوں میں پہنچا یا،دفاعی اخراجات میں18فیصد اضافہ کرکے 3کھرب روپے تک بڑھایا۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا ایران جنگ کے خاتمے کے بعد پاکستان2027کےلئے اپنی معاشی بہتری دیکھ رہا ہے، آئی ایم ایف پروگرام کو برقرار رکھنے کےلئے زیادہ ٹیکس آمدن پرانحصار کیا گیا ، بجٹ میں فوری تبدیلی کرناابھی قبل ازوقت ہوگا،پاکستان مزید پانڈا بانڈز، یورو بانڈز، امریکی ڈالر بانڈز جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اگلے مالی سال میں2.82 ارب ڈالر کی کمرشل و یورو بانڈ فنانسنگ کا تخمینہ ،پاکستان کو ایک ارب ڈالر کے مساوی پانڈا بانڈز کے اجرا کی منظوری بھی حاصل ہے،حکومت کرپٹو کرنسی، ٹوکنائزیشن ، ڈیجیٹل اثاثہ ایکسچینجز کو ریگولیٹ کرے گی پھرٹیکس عائد کرنے پر غور کیا جائے گا۔
دریں اثنا برطانوی پارلیمانی سیکرٹری سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے کہا خطے میں طویل عدم استحکام اقتصادی اعتماد، توانائی منڈیوں، سپلائی چین ،ابھرتی معیشتوں کی ترقی کے امکانات پر اثر انداز ہو سکتا ہے، اصلاحاتی ایجنڈے کا مقصد صرف محصولات میں اضافہ نہیں بلکہ شفافیت کافروغ، صوابدیدی مداخلت میں کمی ،شہریوں، کاروباری اداروں ،ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
برطانوی وزیر نے اقتصادی اصلاحات کےلئے حکومتی عزم کو سراہا ،اصلاحاتی و تبدیلی کے ایجنڈے کی وسعت ، سنجیدگی کو تسلیم کرتے ہوئے باہمی اقتصادی مفادات کے شعبوں میں مسلسل تعاون ،روابط جاری رکھنے میں دلچسپی کا اعادہ کیا۔
زیادہ ٹیکس آمدن پرانحصار،بجٹ میں فوری تبدیلی کرنا ابھی قبل ازوقت ہوگا،وزیر خزانہ


















