اسلام آباد (مشرق نیوز) نئے مالی سال 2026-27ءکے آغاز کے ساتھ ہی وفاقی بجٹ میں کیے گئے ٹیکس اور ٹیرف سے متعلق فیصلوں پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے درآمدی اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں نمایاں کمی کا نوٹیفکیشن (ایس آر او) جاری کر دیا۔
ایف بی آر کے مطابق ریگولیٹری ڈیوٹی کی زیادہ سے زیادہ شرح 50 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد مقرر کر دی گئی ہے جبکہ 5، 2 اور ایک فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی والی مخصوص ٹیرف لائنز کو اس کمی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ برآمدات اور مقامی صنعت کے تحفظ سے متعلق اشیا پر عائد موجودہ کم شرح ریگولیٹری ڈیوٹی برقرار رہے گی، تاکہ صنعتی شعبے اور برآمدی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔
ایف بی آر کے مطابق یہ اقدام قومی ٹیرف پالیسی 2025-30ءکے تحت اٹھایا گیا ہے، حکومت 2030ءتک ریگولیٹری ڈیوٹی کو مرحلہ وار مکمل طور پر ختم کرنے اور ٹیرف نظام کو مزید سادہ اور شفاف بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹیرف ریشنلائزیشن پلان کے دوسرے سال میں بھی ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرحوں میں مزید ردوبدل کیا جائیگا جبکہ اس فیصلے سے درآمدی رکاوٹوں میں کمی، کاروباری مسابقت میں اضافہ اور ملکی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
مالی سال 2026-27ء کے بجٹ میں ہوئے فیصلوں پر عملدرآمد شروع


















