برطانیہ: وزن گھٹانے کیلئے روزانہ ایک بار استعمال ہونے والی نئی گولی منظور

لندن (مشرق نیوز) برطانیہ وزن کم کرنے اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے علاج میں مدد دینے والی نئی روزانہ استعمال ہونے والی گولی کی منظوری دیکر یورپ کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ برطانوی میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹ ریگولیٹری ایجنسی نے پیر کے روز دوا اورفورگلیپرون کی منظوری دی، جسے فونڈایو کے نام سے فروخت کیا جائے گا۔ یہ دوا معروف دوا ساز کمپنی ایلی لِلی نے تیار کی ہے۔

اورفورگلیپرون ایک جی ایل پی-ریسیپٹر ایگنسٹ ہے (جو خون میں شوگر کی سطح کم کرنے) نظامِ ہاضمہ میں خوراک کی رفتار سست کرنے اور بھوک کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ دوا کم کیلوریز والی خوراک اور جسمانی سرگرمی میں اضافے کے ساتھ ایسے افراد کیلئے منظور کی گئی ہے جن کا بی ایم ا?ئی 30 یا اس سے زیادہ ہو۔ اس کے علاوہ 27 سے 30 کے درمیان بی ایم آئی رکھنے والے افراد بھی اسے استعمال کر سکتے ہیں، بشرطیکہ انہیں وزن سے متعلق کم از کم ایک طبی مسئلہ درپیش ہو۔

دوا کو ایسے مریضوں میں خون میں شوگر بہتر کرنے کیلئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جن کی ٹائپ 2 ذیابیطس مناسب طور پر کنٹرول میں نہیں ہے۔ اورفورگلیپرون کی خاص بات یہ ہے کہ اسے دن میں صرف ایک مرتبہ لیا جاتا ہے اور اسے کسی بھی وقت استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے استعمال کیلئے کھانے یا پانی سے متعلق مخصوص پابندیاں بھی نہیں ہیں۔

ماہرین کے مطابق روزانہ ایک بار لی جانے والی گولی کی شکل میں جی ایل پی-1 دوا ان افراد کیلئے ایک آسان متبادل ثابت ہو سکتی ہے جو وزن کم کرنے کے موجودہ علاج میں انجیکشن کے بجائے گولی کو ترجیح دیتے ہیں۔